زکوٰۃ : سب سے پہلے مستحق غریب رشتہ دار

0

عبدالغفار صدیقی
زکوٰۃ کے استعمال پر بھارتی مسلمان افراتفری کا شکار ہیں ۔علماء مدارس اپنے خطابات میں ا س موضوع پر گفتگو کی ضرورت محسوس نہیں کرتے ۔زکوٰۃ کے تعلق سے ایک بات یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ کس مال پر کتنی زکوٰۃ ہے ؟دوسری بات یہ جاننے کی ہے کہ زکوٰۃ کا مستحق کون ہے ؟زکوٰۃ چونکہ مال پر فرض ہے اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ زکوٰۃ کا تعلق اسلامی معاشیات سے ہے۔اللہ نے زکوٰۃ اس لیے فرض کی تھی کہ مسلمانوں میں غربت نہ رہے۔مگر برصغیر کے مسلمانوں کی بدقسمتی ہے کہ سینکڑوں برس سے زکوٰۃ نکالنے اور دینے کے باوجود ہر سال غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
زکوٰۃ سونا،چاندی،اموال تجارت اور نقدی پر فرض ہے ،ان سب کی قیمت لگاکر ڈھائی فیصد زکوٰۃ ادا کرنا ہے ۔اس کے علاوہ جانوروں کی زکوٰۃ الگ ہے اور کھیتی پر عشر ہے ،ان سب کی تفصیلات آپ کسی بھی فقہ کی کتابوں میں پڑھ سکتے ہیں ،یہ کتابیں اردو میں بھی دستیاب ہیں اور گوگل پر بھی سرچ کی جاسکتی ہیں ۔
مصارف زکوٰۃ کے تعلق سے احادیث میں بہت سی ہدایات دی گئی ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ جس بستی کے مالداروں سے وصول کی جائے اسی بستی کے غریبوں پر خرچ کی جائے۔حدیث کے الفاظ یہ ہیں۔’’اللہ نے ان کے اموال میں زکوٰۃ فرض کی ہے جو ان کے مالداروں سے لی جائے گی اور ان کے غریبوں پر خرچ کی جائے گی۔‘‘(متفق علیہ)یہ ہدایت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ بن جبل ؓ کو اس وقت فرمائی تھی جب انھیں آپ یمن کا گورنر بناکر رخصت کررہے تھے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ سب سے پہلے اپنی بستی یا اپنے شہر کے ضرورت مندوں پر زکوٰۃ خرچ کی جائے گی ،وہاں سے بچ جانے کی صورت میں دوسری جگہ منتقل کی جائے گی ۔
احادیث میں دوسری ہدایت یہ دی گئی ہے کہ زکوٰۃ اپنے قریب ترین اعزہ (اگر وہ مستحق ہوں)کو دینا زیادہ باعث اجر ہے۔آپؐ نے فرمایا۔’’ کسی حاجت مند کو صدقہ دینا (صرف) ایک صدقہ ہے اور رشتہ دار کو صدقہ دینا دو صدقات (کے برابر) ہیں، ایک صدقہ اور دوسرا صلہ رحمی۔‘‘(ترمذی)اس حدیث کے مطابق اپنے مستحق زکوٰۃ رشتہ داروں کو دینے پر دوہرے اجر کی بشارت دی گئی ہے ایک تو زکوٰۃ و صدقات دینے کا اجر اور دوسرا اپنے رشتہ دار کو دینے کا اجر۔
جہاں تک مستحقین زکوٰۃکا تعلق ہے وہ قرآن مجید میں صاف صاف بیان کردیے گئے ہیں۔سورہ توبہ کی آیت 60 میں ارشاد باری ہے۔’’یہ صدقات تو دراصل فقیروں اور مسکینوں کے لیے ہیں اور اُن لوگوں کے لیے جو صدقات کے کام پر مامور ہوں، اور اُن کے لیے جن کی تالیف قلب مطلوب ہو نیز یہ گردنوں کے چھڑانے اور قرض داروں کی مدد کرنے میں اور راہ خدا میں اور مسافر نوازی میں استعمال کرنے کے لیے ہیں ایک فریضہ ہے اللہ کی طرف سے اور اللہ سب کچھ جاننے والا اور دانا و بینا ہے۔‘‘
اس آیت کی روشنی میں زکوٰۃ آٹھ مستحقین کو دی جاسکتی ہے۔ (1) فقیرکو(2)مسکین کو(3)محصلین زکوٰۃ کو(4)برائے تالیف قلب غیر مسلموں کو(5) آزاد ی حاصل کرنے کے لیے غلاموں کو (6) قرض ادا کرنے کے لیے مقروض کو(7) اللہ کی راہ میں (8) اور مسافر کو اس فہرست میں کہیں بھی مدرسہ کا ذکر نہیں ہے ،نہ تعلیم کا ہے ۔ اس کے باوجود نوے فیصدزکوٰۃ مدارس میں خرچ کی جاتی ہے ۔اس کی توجیہ یہ دی جاتی ہے کہ مدارس میں یتیم اور مسکین طلبہ پڑھتے ہیں اور یتیم و مسکین کا ذکر اس فہرست میں موجود ہے، اس لیے زکوٰۃ کا مال ان پر خرچ کیا جاسکتا ہے ۔بلا شبہ کیا جاسکتا ہے ۔لیکن کس حد تک ؟کیا کسی مدرسہ میں دس بارہ بچے رکھ لینے پر دس بارہ لاکھ وصول کیے جاسکتے ہیں، کیا ان یتیموں کی آڑ میں اپنی خواہشیں پوری کی جاسکتی ہیں؟ چار چھ یتیم رکھ کر کروڑوں کی جائیداد اکٹھا کی جاسکتی ہے ؟مدرسہ کی تعمیرات پر جو پیسہ خرچ کیا جاتا ہے اس کا جواز کیا ہے ؟
جب ایک مسلمان اپنے بچے کو عصری تعلیم کے لیے سرکاری یا پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجتا ہے تو اس کی فیس کے ساتھ ساتھ دیگر تعلیمی ضروریات بھی فراہم کرتا ہے ،پھر وہ اپنے بچے کو حافظ اورعالم بنانے پر پیسہ خرچ کیوں نہیں کرتا؟کیونکہ مدارس نے اپنے یہاں فیس کا نظام قائم نہیں کیا ،اس کے پیچھے یہ وجہ تو نہیں کہ فیس لیں گے تو چندہ نہیں ملے گا؟فیس کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے انتہائی غریب بچے مدارس کا رخ کرتے ہیں ،فیس نہ دینے کی وجہ سے والدین بھی کوئی توجہ نہیں دیتے، اس لیے کہ ان کی جیب سے کچھ خرچ نہیں ہوتا ؟فیس نہ ہونے کی وجہ سے خوش حال گھرانوں کے بچے اپنی عزت نفس کی خاطر مدارس کا رخ نہیں کرتے ۔اگر مدارس میں فیس کا نظم قائم کردیا جائے تو دینی تعلیم کی اہمیت اور قدر میں اضافہ ہوجائے گا ۔کسی بھی قوم میں سو فیصد مستحق زکوٰۃ نہیں ہوتے ،جب والدین اپنے بچے کی شادی اور مکان پر لاکھوں روپے خرچ کرسکتے ہیں تو تعلیم پر چند ہزارکیوں نہیںخرچ کرسکتے ؟ہر مدرسہ میں فیس کا نظام قائم کیا جائے اور نادار طلبہ کے لیے میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی وظائف دیے جائیں ۔اس سے دینی تعلیم کی قدرو منزلت میں اضافہ ہوگا ۔ مدرسہ کے موجودہ نظام میں مستفدین کی اکثریت انتہائی پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتی ہے ،آگے چل کر یہی افراد ہماری مذہبی قیادت فرماتے ہیں ۔اب آپ خود ہی اندازہ لگالیجیے کہ اس طبقہ کی قیادت میں ملت کا کارواں کہاں پہنچے گا؟
معاف کیجیے برصغیر ہند وپاک میں بڑے پیمانے پر زکوٰۃ گھوٹالہ ہوتا ہے ، اگر اس کی جانچ کی جائے تو اچھے اچھے جبہ و دستار والے بے نقاب ہوجائیں گے۔زکوٰۃوصول کرنے والوں میں سے ایک بڑی تعداد ان لوگوں کی ہوتی ہے جن کا مدرسہ صرف رسید بک اور کاغذپر ہی ہوتا ہے،کچھ لوگ وہ ہوتے ہیں جنھوں نے ایک کمرے پر بھی جامعہ (یونیورسٹی) کا بورڈ لگا رکھا ہے۔گائوں کے ایک بچے کو مفت پڑھانے کے نام پر پورے گائوں سے چندہ کرتے ہیں ۔مثال کے طور پر آپ کا بچہ کسی مدرسہ میں مفت تعلیم حاصل کررہا ہے تو رمضان میں اس مدرسہ کا سفیر آپ کے پاس آئے گا اور آپ کے ساتھ گائوں کے متمول افراد سے ملاقات کرکے زکوٰۃ وصول کرے گا۔زکوٰۃ گھوٹالوں میں ایک گھوٹالہ تملیک کے نام پر کیا جاتا ہے ۔اس کے تحت زکوٰۃ کی ساری رقم ایک مستحق زکوٰۃ طالب علم کو دے دی جاتی ہے اور پھر پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت وہ بچہ رقم مدرسہ کو واپس کردیتا ہے۔علماء کے نزدیک اس طرح وہ زکوٰۃ امداد بن جاتی ہے ،اور پھر ہر کام میں خرچ کی جاسکتی ہے ۔یہ حلالہ کی وہ قسم ہے جس پر احادیث میں لعنت بھیجی گئی ہے۔
میری گزارش ہے کہ اگر آپ اپنے محلہ ،بستی یا برادری یا جماعت کے تحت زکوٰۃ کا اجتماعی نظم قائم کرلیں تو اس کے ثمرات سے مستفید ہوسکتے ہیں ۔اگر یہ ممکن نہیں ہے تو اپنی زکوٰۃ پہلے اپنے غریب اعزہ کو دیں ،چاہے وہ کہیں بھی رہتے ہوں ،پھر اپنے محلہ اور بستی کے ضرورت مندوں کو دیں ،اس کے بعد قریبی گائوں یا شہر میں خرچ کریں ۔یہ بھی یاد رکھیں کہ زکوٰۃ نکالنے کے بعد ساری زکوٰۃ ایک ماہ میں خرچ کرنا ضروری نہیں ہے ،آپ چاہیں تو اسے ایک سال تک تھوڑا تھوڑا کرکے بھی خرچ کرسکتے ہیں ،دوسری بات یہ ہے کہ زکوٰۃ لینے والے کو یہ بتانا قطعاً ضروری نہیں کہ آپ اسے زکوٰۃ دے رہے ہیں ،اگر آپ کو لگتا ہے کہ یہ بتانے سے اس کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچے گی تو آپ اسے نہ بتائیں ،بس آپ کی نیت کافی ہے ۔مدارس میں بھی اگر آپ زکوٰۃ دیں تو اپنی بستی کے مدرسہ میں دیں ۔ہر ایرا غیرا مدرسہ کی رسید نہ بنوائیں ۔
جہاں جہاں زکوٰۃ کا اجتماعی نظم قائم ہے اس نظم کا تعاون کیجیے ، جہاں نہیں ہے اسے قائم کیجیے ،اگر پوری بستی کے افراد بھی شامل نہ ہوں تو کم از کم اپنے ہم خیال افراد کو ہی یکجا کرلیجیے اور زکوٰۃ کو معاشی استحکام کا وسیلہ بنائیے ۔
rvr

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS