نئی دہلی: کشمیر میں فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کے کیس سے متعلق سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست کی سماعت منگل کے روز 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
جسٹس این وی رمن، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس بی آر گوئی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فاؤنڈیشن فار میڈیا پروفیشنلز کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ کی درخواست پر 7 اگست تک ملتوی کردی۔
درخواست گزار نے جموں وکشمیر میں فور جی انٹرنیٹ خدمات کی بحالی سے متعلق فیصلے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کے لئے عدالت عظمی کے 11 مئی کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔
جیسے ہی اس معاملے کی سماعت شروع ہوئی، سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ نے بنچ کو مطلع کیا کہ مرکز کی طرف داخل حلف نامے پر عرضی گزار کی جانب سے داخل جوابی حلف نامہ انہیں موصول ہوا ہے جو کافی طویل ہے اسے پڑھنے کے لئے وقت درکار ہوگا۔ عرضی گزار کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل حذیفہ احمدی نے اس کی مخالفت تو نہیں کی لیکن اتنا کہا کہ انہیں بھی حال ہی میں مرکز کا حلف نامہ موصول ہوا ہے، اس کے باوجود انہوں نے اس کا جواب تیار کرلیا ہے۔