میرے شوہر مجھ سے سیدھے منہ بات کیوں نہیں کرتے ؟

چند باتیں جن پر عمل کر کے آپ آسانی سے اپنے شوہر کا دل جیت سکتی ہیں

0

رشتے کبھی بھی آسان نہیں ہوتے، انہیں سخت محنت کرکے بنایا اور نبھایا جاتا ہے اور جہاں میاں بیوی کے رشتے کی بات ہو تو یہ رشتہ پیار، محبت، عزت اور احترام کے ساتھ ساتھ قربانی سے بھی جڑا ہے اور اس رشتے کو نبھانے کیلئے دونوں فریق بے شمار قربانیاں دیتے ہیں- لیکن آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ وہ کونسی چند ٹپس ہیں جن پر عمل کرکے آپ ایک آئیڈیل بیوی بن سکتی ہیں۔
جارحانہ رویہ ترک کردیں:شوہر کے ساتھ یا سامنے کبھی بھی جارحانہ رویہ اختیار نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے آپ کا ایک منفی تاثر بنتا ہے اور آپ کا شوہر آپ سے بدظن ہوسکتا ہے جو آپ کے رشتے کو کمزور کرنے کا سبب بنتا ہے۔ اپنے رویے کو مثبت بنائیں اور شائستگی سے بات کرنے کی کوشش کریں تو بڑی سے بڑی پریشانی آسانی سے ختم ہوسکتی لیکن آپ کا جارحانہ رویہ معاملے کو بگاڑنے کا سبب بن سکتا ہے۔
تعریف اور شکریہ:اکثر خواتین ہمیشہ حالات کی وجہ سے تنگدستی اور پریشانی کا گلہ شکوہ کرتی نظر آتی ہیں اور یہ بھول جاتی ہیں کہ زیادہ تر مرد اپنی خواہشات کا گلا گھونٹ کر اور کئی مشکلات سے گزر کر بیوی اور بچوں کی خواہشات کو پورا کرتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ حالات اور مسائل کی وجہ سے کئی خواہشات وقت پر پوری نہیں ہوتیں لیکن اگر آپ جتنا ملے اس پر رب کا شکر اور شوہر کی تعریف کریں تو اس کو حوصلہ ملے گا لیکن اگر تھوڑا کرنے پر آپ ہر وقت شکوہ کناں رہیں گی تو شوہر کا مورال ڈاؤن ہوجائیگا اور آپ تھوڑے سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گی۔
احترام لازم ہے:دنیا کے ہر مذہب نے بیویوں کو شوہر کو عزت اور احترام دینے کا پابند بنایا ہے لیکن آج کے دور میں میاں بیوی کے درمیان رنجش کی بڑی وجہ بدزبانی ہے کیونکہ جب تک آپ اپنے شوہر کا احترام نہیں کریں گی تب تک آپ کو بھی عزت ملنا مشکل ہے۔ کوشش کریں کہ اپنے شوہر کا احترام کریں اور انہیں عزت دیں تو بدلے میں یقیناً آپ کو بھی عزت اور احترام ہی ملے گا۔
خود پر توجہ دیں:معاشرے میں خرابی کیلئے ہمیشہ مرد کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے لیکن اگر خواتین تھوڑی سی توجہ دیں تو شائد اس مسئلے کو بھی حل کرنا ممکن ہے- وہ ایسے کہ خواتین خود پر بھی توجہ دیں اور شوہر کے گھر آنے سے پہلے لباس تبدیل کریں اور خوشگوار ماحول بنائیں تاکہ شوہر کو ایک اچھا تاثر ملے اور دونوں کچھ وقت ایک دوسرے کو دیں تاکہ آپ دونوں کے درمیان مزید ہم آہنگی پیدا ہوسکے۔
رونا دھونا اور شکایتیں:ہر وقت کا رونا دھونا اور شکایتیں لگانا بھی شوہر کو آپ سے دور کرسکتا ہے، کوشش کریں کہ شوہر کے سامنے بلا وجہ کا رونا دھونا اور شکوئے شکایت کرنا ختم کردیں کیونکہ آپ کو شائد اندازہ نہ ہو کہ مردوں کو بھی باہر بے شمار مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے- لیکن جب گھر میں بھی ہر وقت رونا دھونا اور شکایتیں ہوں تو انسان کا دل اچاٹ ہوجاتا ہے اور اس کا نقصان بھی آپ کو ہی ہوگا اور آپ اپنے ساتھی کو خود اپنے سے دور کرنے کا سبب بنیں گی۔
معاملہ فہمی:گھروں میں جھگڑوں اور ناچاقی کی ایک وجہ میاں بیوی کے درمیان انڈراسٹینڈنگ کی کمی ہے اور اکثر دیکھا گیا ہے کہ اگر شوہر کوئی بات یا فیصلہ کرے تو خاتون خانہ محض صرف ضد اور انا کی وجہ سے ہر بات کو رد کرنے کی کوشش کرتی ہے جس سے آپ اپنے شوہر کو حقیر بنا دیتی ہیں- لیکن اگر آپ کچھ وقت کیلئے خاموشی اختیار کرلیں اور کسی واضح عذر یا دلیل کے ساتھ اس بات کو بہتر انداز میں سمجھائیں تو شائد آپ جھگڑے اور اونچ نیچ کے اس معاملے کو آسانی سے سلجھا سکتی ہیں۔
انداز گفتگو:گھر ہو یا دفتر، محفل ہو یا خلوت آپ کا انداز گفتگو ہی آپ کیلئے اس بات کا تعین کرتا ہے کہ آپ کو عزت اور پیار ملے گا یا دھتکار۔ کوشش کریں کہ اپنے لہجے کو دھیما بنائیں اور شائستہ ، شگفتہ اور شیریں طرز گفتگو اختیار کریں تویقین رکھیں کہ آپ بڑے سے بڑے کام باآسانی کرواسکتی ہیں۔
کھانا:کہتے ہیں کہ مرد کے دل کا راستہ پیٹ سے ہوکر گزرتا ہے لیکن افسوس کہ آج ٹیکنالوجی کے دور میں خواتین گھروں میں کھانا بنانے کے بجائے آن لائن منگوانا زیادہ پسند کرتی ہیں- لیکن اگر آپ کو شوہر کے دل تک رسائی حاصل کرنی ہے تو تھوڑی سی محنت ضروری ہے اور اگر آپ اچھا کھانا بنانا جانتی ہیں تو کوشش کریں کہ شوہر کی پسند سے کھانا بنائیں اور خود کھلائیں تاکہ آپ پیٹ سے دل تک کا راستہ آسانی سے پار کرسکیں۔
محبت اور سودے بازی:رشتوں میں دوری اور محبت میں کمی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ شوہر جب آپ سے پیار سے بات کرے تو آپ فرمائشوں کا پنڈار کھول کر بیٹھ جائیں ‘ایسا کرنے سے آپ کا تاثر بہت خراب ہوجائیگا اور آپ کا شوہر آپ سے پیار جتانے سے قبل سو بار سوچے گا اور یہی سوچ آپ دونوں کو دور کردےگی۔ کوشش کریں کہ محبت میں سودے بازی نہ کریں اور اگر آپ کو عزت اورپیار مل رہا ہے تو اس کی قدر کریں ، پیار کے بدلے مطالبات پیش نہ کریں تو آپ ایک اچھی اور آئیڈیل بیوی بن سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS