نئی دہلی: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے سالیڈیریٹی ٹرائل کے تحت کورونا وائرس ’کووڈ 19‘ کے مریضوں پر ہائی ڈروکسی کلوکوئین کے ٹیسٹ پر لگائی گئی پابندی ہٹا لی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تیدروس گیبرئیسس نے کووڈ 19 پر باقاعدہ پریس کانفرنس میں بدھ کو یہ اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ سالیڈیریٹی ٹرائل میں ہائیڈروکسیکلوکوین (ایچ سی کیو)کےسلسلے میں پیدا فکروں کے درمیان پچھلے ہفتے اس دوا کے استعمال پر عارضی روک لگائی گئی تھی۔ایسا احتیاط کے طور پر کیا گیاتھا۔ اس دوران سالیڈیریٹی ٹرائل کی ڈاٹا سیفٹی اور نگرانی کمیٹی نے ٹیسٹ کے اعدادو شمارکا مطالعہ کیا ہے ۔کمیٹی کی سفارش میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کے پروٹوکال میں تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
ڈبلیو ایچ او سربراہ نے کہا،’’کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر سالیڈیریٹی ٹرائل کے ایگزیکیوٹو گروپ نے ایچ سی کیو سمیت سالیڈیریٹی ٹرائل میں شامل سبھی دواؤں کا ٹیسٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
سالیڈیریٹی ٹرائل میں 35 ملکوں کے 3500 سے زیادہ مریض حصہ لے رہے ہیں۔ان پر چار قسم کی دواؤں کے کامبینیشن کا ٹیسٹ کیاجارہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی اہم سائنس داں ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایچ سی کیو کی وجہ سے کووڈ 19 کے مریضون کی شرح اموات بڑھنے کی کچھ رپورٹوں کی بنیاد پر ڈبلیو ایچ او نے سالیڈیرٹی ٹرائل میں اس دوا کا ٹیسٹ روکا تھا۔کمیٹی نے اعدادو شمارکا تفصیلی مطالعہ کرنے اور تب تک احتیاط کے طور پر ٹیسٹ میں حصہ لے رہے مریضوں پر اس دوا کے استعمال پر عارضی روک لگانے کا فیصلہ کیاتھا۔
انہوں نے کہا،’’ہم نے اپنے اعدادو شمار کے ساتھ ہی برطانیہ میں چل رہے اس دوا کے ٹیسٹ کے اعدادو شمار کا بھی مطالعہ کیا جہاں 11 ہزار سے زیادہ مریضوں پر ٹرائل کیاجارہا ہے۔ہم پوری دنیا کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ جن مریضوں کو ایچ سی کیودیا جارہا ہے ان کی اور دوسرے مریضوں کی شرح اموات میں کوئی فرق نہیں ہے۔‘‘