نئی دہلی(ایجنسیاں)کانگریس کے5 لوک سبھا ارکان نے پارٹی صدر کے انتخاب کے عمل کی غیرجانبداری اور شفافیت کولےکر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کی سینٹرل الیکشن اتھارٹی (سی ای اے) کے سربراہ مدھوسودن مستری پر زور دیا ہے کہ وہ ووٹنگ میں حصہ لینے والوں اور ممکنہ امیدواروں کو پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کی انتخابی فہرست فراہم کریں۔ پارٹی کے ممبرپارلیمنٹ ششی تھرور، منیش تیواری ،کارتیہ چدمبرم ، پردھت باردوئی اورعبدالخالق نے مستری کو خط لکھ کر یہ درخواست کی ہے۔ یہ خط کانگریس کی ‘بھارت جوڑو’ یاترا سے ایک دن پہلے 6 ستمبر کو لکھا گیا تھا۔ ان ارکان پارلیمنٹ نے پہلے اس فہرست کو عام کرنے کی درخواست کی تھی جس سے مستری نے صاف انکار کر دیا تھا۔ اب ان ممبران پارلیمنٹ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ان کے کہنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پارٹی کی کوئی بھی اندرونی دستاویز اس طرح جاری کی جائے کہ اس کا کسی بھی طرح سے غلط استعمال ہو سکے۔ انہوں نے خط میں کہاکہ ہمارا خیال ہے کہ صدر کے انتخاب کے لیے نامزدگی کا عمل شروع ہونے سے پہلے ریاستی کانگریس کمیٹی کے ووٹر کی فہرست ووٹروں اور ووٹنگ میں حصہ لینے والے ممکنہ امیدواروں کو فراہم کی جانی چاہیے۔ کانگریس کی جانب سے معلنہ انتخابی شیڈول کے مطابق پارٹی صدر کے عہدے کے لیے انتخاب کا نوٹیفکیشن 22 ستمبر کو جاری کیا جائے گا، 24 ستمبر سے کاغذات نامزدگی داخل کیے جاسکیں گے اور اگر ایک سے زیادہ امیدوار ہوں گے تو ووٹنگ 17 اکتوبرہوگی۔