شلپا،راج کندرا سے علاحدگی کے مسئلے پر کیا کچھ کررہی ہیں؟

0
Image: Urdu Geo

ممبئی ( ایجنسی)بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر اور معروف بزنس مین راج کندرا سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا نے نام بتائے بغیر شلپا شیٹی کے قریبی دوست کے حوالے سے کہا ہے کہ اداکارہ ان دنوں راج کندرا سے علیحدگی کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔اداکارہ کے دوست نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ راج کندرا کی مشکلات جلدی ختم ہونے والی نہیں ہیں، پورنو گرافی کیس میں ہر گُزرتے دن کے ساتھ ان کے خلاف نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔
شلپا شیٹی کے قریبی عزیز کے مطابق راج کندراکے واقعے کا اداکارہ کو بھی اتنا ہی صدمہ ہے جتنا کہ ہم سب کو ، دوست کے مطابق شلپا شیٹی لاعلم تھیں کہ ہیرے جواہرات کی صورت میں حاصل کردہ دولت ناجائز ذرائع سے حاصل کی گئی ہے۔ اداکارہ کے دوست کا بتانا ہے کہ شلپا اپنے بچوں کو بھی شوہر کی ناجائز دولت سے دور رکھنا چاہتی ہیں اور جتنا ہمیں علم ہے وہ اس دولت سے ایک سکہ بھی نہیں خرچ کریں گی کیونکہ وہ رئیلٹی شو کی میزبانی سے کافی آمدنی حاصل کر لیتی ہیں۔ خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا ایک ماہ سے زائد عرصے سے پولیس کی حراست میں ہیں اور عدالت نے پورنو گرافی کیس کا اہم ملزم ہونے پر چند روز قبل ان کی درخواست ضمانت بھی مسترد کر دی تھی۔دوسری جانب ایک بھارتی ماڈل نے راج کندرا کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ویب سیریز اور فلموں میں موقع فراہم کرنے کی لالچ دی گئی تھی جس کے بعد ان سے زبردستی بولڈ سین شوٹ کروائےگئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS