مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا شہریت قانون کے خلاف احتجاج

0

کولکاتا: شہریت قانو کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی شہریت قانون کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کولکاتہ کی سڑکوں پر مارچ کیا ہے۔ مغربی بنگال حکومت نے ریاست کے کئی علاقوں میں آج سے انٹر نیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ جمعہ سے مرشدآباد، ہوڑہ کے الوبیڑیا میں تشدد کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کیے ہیں۔ حکومت کے مطابق اتوار سے جنوبی بنگال کے کئی علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بند کردی گئی۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اپنے پیغام میں مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کریں، یہ ان کا جمہوری حق ہے مگر تشدد کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دوبارہ کہاکہ کسی بھی صورت میں مغربی بنگال میں شہریت قانون نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے پی ایم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ بھارت سب کا ہے، اگر سب کا ساتھ نہیں رہے گا تو سب کا وکاس کیسے ہوگا۔ شہریت قانون کس کے لیے ہے، ہم سبھی شہری ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا کام سبھی مذاہب کو متحد کرنا ہے۔ ہم کسی کو بھی مغربی بنگال کی زمین چھوڑنے نہیں دیں گے۔ ممتا بنرجی نے سختی سے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج جاری رہے گا جب تک شہریت قانون ختم نہیں کیا جاتا۔
 خیال رہے کہ اتوار کو بھی ریاست کے متعدد علاقے مظاہرے ہو رہے ہیں۔ سنیچر کو آم ڈانگہ اور دے گنگا علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ ہوئے تھے۔حکومتی ذرائع کے مطابق مرشدآباد، مالدہ، شمالی دیناج پور، ہوڑہ،شمالی 24پرگنہ کے بشیرہاٹ سب ڈویژن جنوبی 24پرگنہ کے برئی پور سب ڈویژن اور کیننگ سب ڈویژن میں فوری طور پر انٹر نیٹ سروس بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تری پورہ، آسام اور شمالی مشرقی ہند کے دیگر ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پہلے سے ہی احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور اس کے پیش ان ریاستوں میں انٹر نیٹ سروس بند ہیں۔ بنگال میں جمعہ سے ہی مظاہرے ہورہے ہیں۔ مظاہرین نے جمعہ کو الوبیڑیا میں ریلوے اور سڑک کو جام کردیا تھا جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آج بیر بھوم کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ نلہٹی اور عظیم گنج کے درمیان ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے۔ کرشنا نگر لال گولہ۔عظیم گنج اور نیو فرکا کے درمیان ٹرین سروس متاثر ہے۔ ہوڑہ کے کونا ایکسپریس وے میں گوفا برج کے پاس سڑک جام کرکے ٹائر کو جلایا گیا۔ پولس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کیا۔ روڈ بلاک کی وجہ سے جیسر روڈ بھی متاثر ہوا ہے۔ خیال رہے کہ اس بل کے خلاف ترنمول کانگریس بھی احتجاج کررہی ہے۔ کئی احتجاجی مظاہروں میں ترنمول کانگریس کے ممبران اسمبلی اور لیڈران شرکت کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS