نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ پی ایم کیئرس فنڈ سے کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے خریدے گئے وینٹیلیٹروں کو وزارت صحت کی تکنیکی کمیٹی نے ناکام قرار دیا ہے اورحیرت کی بات یہ ہے کہ ان وینٹیلیٹروں کی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو لاکھوں روپے ایڈوانس میں ادا کیے جا چکے ہیں۔
کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نے ہفتہ کے روز یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ یہ بہت حیرت کی بات ہے کہ اگر حکومت کے اس اقدام پرسوال اٹھایا جاتا ہے تو اسے غداری سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "کیا آپ جانتے ہیں کہ پی ایم کیئرس فنڈ پر سوالات پوچھنا 'غداری'ہے۔ تو پھر کیا ہوا اگر عوامی فنڈ سے خریدے گئے وینٹیلیٹر ناکام ہو رہے ہیں اورکروڑوں روپے کی پیشگی ادائیگی کی جارہی ہے؟ اور تو اور سپریم کورٹ نے بھی سی اے جی آڈٹ کے لئے نہیں کہا ہے"۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اخبارمیں چھپی ہوئی خبربھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حق اطلاعات کے تحت موصولہ معلومات کے مطابق وزارت صحت نے ان کمپنیوں کو 22 کروڑ روپے کی پیشگی ادائیگی کی ہے۔