ویکسین کی کمی وجہ سے نوجوانوں کی ٹیکہ کاری بند: کیجریوال

0

نئی دہلی: (یو این آئی) دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہاکہ مرکزی حکومت سے ویکسین نہیں ملنے اور دی گئی ویکسین ختم ہونے کی وجہ سے دہلی حکومت کونوجوانوں کا ویکسینیشن بند کرنا پڑرہا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ویکسین ختم ہونے کی وجہ سے ہمیں ویکسینیشن سنٹر بند کرنے کا بہت افسوس ہے۔ مرکز سے جیسے ہی ویکسین ملے گی سنٹر چالو ہوجائیں گے۔ انہوں نے ملک میں ویکسین کی دستیابی فوری طورپر بڑھانے کیلئے مرکزی حکومت کو چار مشورے دیئے۔ مرکزی حکومت بھارت بایوٹیک سے فارمولہ لیکر ویکسین بنانے والی دوسری کمپنیوں کو دے اور فوری طورپر انہیں تیاری شروع کرنے کی ہدایت دے،غیرملکی ویکسین کے ہندستان میں استعمال کی اجازت دی جائے اور ریاستوں کی جگہ مرکزی حکومت خود غیرملکی کمپنیوں سے ویکسین خریدے، جن ممالک نے اپنی آبادی سے زیادہ ویکسین جمع کررکھی ہے، مرکزی حکومت ان سے دینے کی درخواست کرے اور غیرملکی کمپنیوں کو بھی ہندستان میں ویکسین بنانے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ دہلی میں تین مہینے میں تمام کا ویکسینیشن کرنے کے لئے ہر مہینہ 80لاکھ ویکسین کی ضرورت ہے لیکن مرکز نے دہلی کا جون کا کوٹہ کم کرکے 8لاکھ ڈوز کردیا ہے۔ اگر دہلی کوہر مہینہ آٹھ لاکھ ویکسین ملی تو تمام بالغان کا ویکسنیشن کرنے میں 30مہینے لگ جائیں گے تب تک کورونا کی نہ جانے کتنی لہریں آئیں گی اور نہ جانے کتنے مزید لوگوں کی موت ہوجائے گی۔
دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں کورونا کی رفتار کم ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں صرف 2200کورونا کے کیس آئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں انفیکشن کی شرح بھی کم ہوکر صرف 3.5فیصد رہ گئی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا کا ختم ٹل گیا ہے۔ کورونا کا خطرہ ابھی بھی ہے۔ ہمیں کورونا سے بچاوں کے تمام اقدامات کرنے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے نوجوانوں کے لئے جتنی ویکسین بھیجی تھی وہ ختم ہوگئی ہے۔ اس لئے نوجوانوں کے ویکسنیشن سنٹر آج بند کردیئے جارہے ہیں۔ کچھ ویکسین کی ڈوز بچی ہیں جو کچھ ویکسنیشن سنٹروں میں دی جارہی ہے اور وہ بھی شام تک ختم ہوجائے گی۔ کل سے دہلی میں نوجوانوں کے ویکسنیشن کے تمام سنٹر بند ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا کی تیسری لہر سے دہلی اور ملک کو بچانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ کم از کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسین کی حفاظت فراہم کی جائے۔ بیڈ، آئی سی یو، آکسیجن اور دوا وغیرہ ان سب کی تیاری تو ہم لوگ کررہے ہیں لیکن کورونا سے بچاو کے لئے ویکسین ہی سب سے زیادہ اثر دار ہتھیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری مرکزی حکومت سے درخواست ہے کہ دہلی کو فوری طورپر ویکسین دستیاب کرائی جائے تاکہ ہم پھر سے ویکسین لگانا شروع کرسکیں اور تمام ویکسینیشن سنٹر کھول سکے نیز دہلی کے لئے ویکسین کا کوٹہ بڑھایا جابئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS