یوپی میڈیکل اسٹاف کو سینیٹائیزر،ماسک کے مطالبے پر کیا گیا ٹرمینیٹ: پرینکا واڈرا نے کیا ویڈیو شیئر

    0

    نئی دہلی: ملک بھر میں کورونا وائرس کا قہر مسلسل بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس دوران کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش کے باندا گورنمنٹ میڈیکل کالج میں آؤٹ سورسنگ میڈیکل اسٹاف کے کام پر تعینات طالب علم کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ طالب علم کورونا وائرس کے علاج کے لئے آئیسولیشن سینٹر میں تعینات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ  اسپتال انتظامیہ نے سینیٹائزر اور ماسک کے مطالبہ پر انہیں ٹرمنیٹ کردیا ہے۔ طالب علم نے کہا کہ ان لوگوں کی تنخواہیں بھی بغیر بتائے کاٹ دی گئیں۔ طالب علم نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان لوگوں سے کہا گیا تھا، "یہاں سے چلے جاؤ ، ورنہ ہاتھ پاؤں تڑوا دیے جائیں گے… یوگی جی کا حکم آپ لوگوں کو نکالنے کے لئے آیا ہے" … پرینکا گاندھی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے طبی عملے کو زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ زندگی دینے والے ہیں اور جنگجوؤں کی طرح میدان میں ہیں۔ باندا میں نرسوں اور طبی عملے کو اپنی ذاتی حفاظت کے آلے نہ دینے اور ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کرکے بہت بڑا ظلم کیا جارہا ہے۔ پرینکا نے کہا، 'میں یوپی حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ یہ وقت ان جنگجوؤں کے ساتھ ناانصافی کرنے کا نہیں بلکہ ان کی باتیں سننے کا وقت ہے۔' واضح رہے کہ بہت ساری جگہوں پر ڈاکٹر ، نرسز اور طبی عملہ حفاظتی کٹ کے مطالبہ کر رہے ہیں، اور متعدد جگہوں پر ان کی کمی سامنے آ رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جو ماسک دیئے جارہے ہیں، ان کے ذریعہ سادہ وائرسوں کو بھی نہیں روکا جاسکتا۔ دہلی میں مقیم ایمس کے ڈاکٹر بھی اس ہی طرح کے مطالبے کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے انفیکشن کے درمیان ایک بڑا سوال اسپتالوں میں تعینات صحت کارکنوں کی حفاظت کے بارے میں پیدا ہورہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS