اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے گوتوالی نگر سے گانجا غائب ہونے کے پاداش میں سابق کوتوال ہرپال سنگھ یادو کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کے روز یہ اطلاع میڈیا کو دی۔
تھانہ انچارج سریندر دیویدی نے بتایا کہ جھارکھنڈ سے لائے گئے تین کونٹل گانجا کو 16دسمبر 2015 کو اس وقت کے کوتوال ہرپال سنگھ یادو نے ضبط کیا تھا۔ اسے ٹرک میں لاد کر لے جایا جا رہا تھا۔ بعد میں یہ گانجا کوتوالی احاطے سے غائب ہوگیا۔ اسی اثنا میں ہرپال سنگھ یادو ریٹائر ہو گئے۔
مقدمے کی سماعت کے دوران گانجا کے غائب پائے جانے پر عدالت کی مداخلت پر اس وقت کوتوالی کے ہیڈ محرر رہے مرزا مسرت علی کی تحریر پر سال 2018 میں سابق کوتوالی ہرپال سنگھ و منشی من پھول کے خلاف امانت میں خیانت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
معاملہ کی جانچ سب انسپکٹر صدر تنو اپادھائے کر رہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ سابق کوتوالی کو بدھ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ ریمانڈ مجسٹریٹ نے ان کی ضمانت عرضی خارج کرتے انہیں جیل بھیج دیا۔