میرٹھ:اترپردیش کے میرٹھ ضلع میں پولیس اور ایس ٹی ایف کے مشترکہ کارروائی میں 35 کروڑ کی ڈپلیکیٹ کتابیں پکڑی گئیں ۔ چھاپوں میں این سی ای آر ٹی کی ڈپلیکیٹ کتابیں چھاپنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ چھ پرنٹنگ مشینیں ملی ہیں۔ ایک درجن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ این سی ای آر ٹی کی ڈپلیکیٹ کتابیں چھاپنے کا ماسٹر مائنڈ سچن گپتا ہے۔ وہ بی جے پی لیڈر سنجیو گپتا کا بیٹا ہے۔ ایس ٹی ایف کے سب انسپکٹر نے سچن اور کچھ دوسرے کے لوگوں کے خلاف پرتا پور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا ہے۔
ایس ٹی ایف کے ڈی ایس پی برجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ سچن گپتا پرتاپور کے اچھرونڈا میں گودام اور محک پور میں پرنٹنگ پریس کا مالک ہے۔ وہ فی الحال فرار ہے۔ اس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ چھاپے کے فورا بعد ہی،پولیس افسروں نے سچن کے ساتھ ٹیلیفون سے بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کتابوں کے کاغذات لے کر آرہا ہے ، لیکن بعد میں نہیں آیا اور موبائل بھی بند کرلیا۔
ایس ٹی ایف کے سب انسپکٹر سنجے سولنکی نے پلانٹ سپروائزر اور سچن گپتا سمیت چار پانچ دیگر افراد کے خلاف پرتا پور پولیس اسٹیشن میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ سچن گپتا کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ سنجیو گپتا کا بیٹا ہے۔ محک پور پرنٹنگ پریس سے ایس ٹی ایف کو ایک ہوڈنگ ملا ہے۔ اس میں سنجیو گپتا کو بی جے پی کے میٹروپولیٹن نائب صدر کے طور پر بتایا کیا ہے۔ ہوڈنگ پر پر بی جے پی کے میٹروپولیٹن صدر سمیت متعدد عوامی نمائندوں کی تصاویر چھپی ہوئی ہیں۔ سنجیو گپتا گاندھی سنکالپ پد یاترا کے لئے میرٹھ ہاپوڑ لوک سبھا کے کنوینر بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد بی جے پی کے ایک رہنما نے ایس ایس پی کو فون کیا۔ فون ان کے پی آر او نے ریسیو کیا۔ بی جے پی رہنما نے کہا کہ انہیں ایس ایس پی سے ضروری بات کرنی ہے۔ تاہم ایس ایس پی اس وقت ایک میٹنگ میں مصروف تھے۔ لہذا بات چیت نہیں ہو سکی۔ بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی رہنما نے ایس ایس پی کو صرف مذکورہ معاملے میں بات کرنے کے لئے فون کیا تھا۔پولیس کو یہ بھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ماضی میں سچن گپتا نے یوپی بورڈ کی جعلی کتابیں چھاپی ہیں۔ تاہم،یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس معاملے میں کارروائی کی گئی ہے یا نہیں۔ اس سلسلے میں،تھانے سے پرانا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔این سی ای آر ٹی کی سرکاری کتابیں کتاب فروشوں کو 15 فیصد کمیشن پر ملتی ہیں۔ ان کا پرنٹنگ سینٹر دہلی کے علاوہ کہیں اور نہیں ہے۔ اصلی کتابیں حاصل کرنے کے کتاب فروشوں کو پہلے سے ہی پوری رقم ادا کرنی ہوتی ہے۔ جبکہ این سی ای آر ٹی کی جعلی
کتابیں فروخت کرنے والوں کو 30 فیصد کمیشن پرملتا ہے۔ اس میں کوئی پیشگی ادائیگی نہیں ہے۔ لہذا ، تھوک اور ریٹیلر کتاب فروش بھی اس گروہ کے ساتھ شامل ہیں۔