امریکہ:نیو جرسی میں فائرنگ،حملہ آور سمیت 6افراد ہلاک

    0

    امریکی ریاست نیو جرسی سٹی میں چار گھنٹے تک جاری رہی فائرنگ میں دو حملہ آور سمیت ایک پولیس افسر اور تین عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ جرسی شہر کے پولیس چیف مائک کیلی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ تصادم کے واقعات دو مقامات پر پیش آئے۔ پہلے ایک قبرستان کے نزدیک حملہ کیا گیا اور اس کے بعد ایک یہودی سپر مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
    مائک کیلی نے بتایا کہ افسران اور مشتبہ حملہ آوروں کے درمیان ابتدائی فائرنگ قبرستان میں ہوئی، جس میں پولیس افسر جوسیلس گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ جو سیلس پانچ بچوں کے والد تھے۔ حملہ آور اس کے بعد چوری کے ایک ٹرک میں یہودی سپر مارکیٹ پہنچے اور مارکیٹ کے اندر فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد پولیس کے ساتھ تقریباً چار گھنٹوں تک ان کا مقابلہ چلتا رہا۔
    کیلی کے بقول چار گھنٹے کے بعد جب تصادم ختم ہوا تو وہاں پانچ افراد مردہ پائے گئے،جن میں دونوں مبینہ حملہ آور بھی شامل تھے۔ اس تصادم میں دو دیگر پولیس افسران اور ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے،لیکن فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے۔ حملہ آوروں کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے۔
    سٹی پولیس سیفٹی ڈائریکٹر جیمس شیا کا کہنا تھا کہ اس واردات کے پیچھے فوری طورپر دہشت گردانہ حملے کا شبہ نظر نہیں آتا ہے تاہم تمام پہلوؤں کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جرسی شہر کے میئر اسٹیون فلوپ نے ٹوئٹر پر کہا کہ ابتدائی تفتیش یہ اشارہ کر رہی ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف یہودی مارکیٹ ہی تھی۔
    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  ٹویٹر پر لکھا نیوجرسی کے جرسی سٹی میں ایک خوفناک فائرنگ کے خبر ابھی ابھی ملی ہے۔ مشکل اور افسوس کی اس گھڑی میں میری دعائیں اور نیک خواہشات متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS