یوپی میں بی جے پی کا پہلا انتخابی پوسٹر جاری

0

بی جے پی مودی اور یوگی کے نام پر لڑے گی الیکشن
لکھنؤ (ایجنسیاں) : اترپردیش میں اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو کردیا ہے۔ اسی کے
ساتھ ہی سیاسی پارٹیوں نے بھی اپنی کمر کس لی ہے۔ انتخابی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی یوپی بی جے پی نے اپنا پہلا
انتخابی پوسٹر جاری کردیا۔ پارٹی نے یہ واضح کردیاکہ بی جے پی آئندہ اسمبلی الیکشن وزیراعظم نریندر مودی اور
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے چہرے پر ہی لڑے گی۔ اس کے ساتھ ہی اس پر بھی مہر لگ گئی ہے کہ بی جے پی
کی جانب سے وزیراعلیٰ امیدوار یوگی آدتیہ ناتھ ہی ہوں گے۔ یوپی بی جے پی کی جانب سے انتخابی پوسٹر میں لکھا
ہے کہ ’مودی ہیں تو ممکن ہے، یوگی ہیں تو یقین ہے‘۔ اس سے قبل دیکھا جاچکا ہے کہ یوپی میں اسکیموں کا سنگ
بنیاد اور افتتاحی پروگرام میں وزیراعظم مودی اور وزیراعلیٰ یوگی ساتھ ساتھ نظر آئے۔ وزیراعظم مودی اکثر
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے نظر آئے۔ دوسری طرف الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد
وزیراعلیٰ یوگی نے خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ ہی بی جے پی کی اکثریت کے ساتھ جیت اور سرکار بنانے کا
بھی دعویٰ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ یوگی نے کہاکہ جمہوریت کے مہار پرو میں ریاست کے الیکشن کی تاریخوں کے
اعلان کا ہم استقبال کرتے ہیں۔ بی جے پی ڈبل انجن کی سرکار کی حصولیابیوں کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگے
گی اور مضبوط اکثریت کے ساتھ سرکار بنانے میں کامیاب ہوگی۔ وہیں سماجوادی پارٹی نے کمیشن کو ڈیجیٹل اسپیس
کیلئے ضابطہ بنانے کی مانگ کی ہے۔ بی ایس پی نے غیرجانبدارانہ الیکشن پر اعتماد جتاتے ہوئے کارکنان کو
انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کانگریس نے ان انتخابات میں نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں،
تاجروں،خواتین اور عام لوگوں کے حقوق کی بات دہرائی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS