یوپی:دوپہر ایک بجے تک34.83فیصدی ووٹنگ

0

لکھنؤ:(یواین آئی) اترپردیش میں پانچویں مرحلے کے تحت 12اضلاع کی 61سیٹوں پر جاری ووٹنگ میں دوپہر ایک بجے تک 34.83فیصدی رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے موصول اطلاع کے مطابق دوپہر ایک بجے تک سب سے زیادہ ووٹنگ ضلع چترکوٹ میں38.99فیصدی ہوئی ہے جبکہ سب سے کم ووٹنگ ضلع پریاگ راج میں 30.56ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اضلاع میں امیٹھی میں 36.02فیصدی،اجودھیا میں 38.79فیصدی،بہرائچ میں 37.31فیصدی،بارہ بنکی میں 36.25فیصدی،گناڈہ میں 34.35فیصدی،کوشامی میں37.18فیصدی،پرتاپ گڑھ میں 33.72فیصدی،رائے بریلی میں 33.64فیصدی، شراوستی میں36.57فیصدی،سلطانپور میں 34.85فیصدی رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے درمیان ایک دو مقامات پر مارپیٹ کے واقعات کے ماسوا ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔اور کہیں سے بھی کسی قسم کے ناخشگوار واقعات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔پرامن و غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ووٹروں میں ووٹنگ کے لئے کا جوش دیکھا جارہی ہے۔شام 6بجے ووٹنگ کا طے شدہ وقت ہے اس کے بعد پولنگ سنٹر کے اندر داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ جو ووٹر اس وقت تک قطار میں لگ جائیں گے انہیں ووٹنگ کا موقع دیا جائےگا۔
ضلع پرتاپ گڑھ سے موصول اطلاع کے مطابق کنڈہ اسمبلی حلقے سے سماج وادی پارٹی(ایس پی)امیدوار گلشن یادو کی گاڑی پر اتوار کو پہاڑ پور گاوں کے پاس نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔ریاست میں ہورہے پانچویں مرحلے کے الیکشن کے دوران کنڈہ سیٹ پر بھی آج ووٹنگ ہورہی ہے۔ یادو نے فون پر یواین آئی کو بتایا کہ ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا۔ اس میں تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور ایک شخص کے سر میں چوٹ آئی ہے۔یادو نے الزام لگایا کہ اس معاملے میں جن ستا دل کے صدر اور کنڈہ سے الیکشن لڑرہے رگھوراج پرتاپ سنگھ کے اشارے پر کرایا گیا ہے۔
اس مرحلے میں یوگی کابینہ کے چھ وزراء بشمول نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کی قسمت داؤ پر ہے۔موریہ ضلع کوشامبی کی سراتھو اسمبلی حلقے سے انتخابی میدان میں ہیں یہاں سے سماجوادی پارٹی(ایس پی) نے پلوی پٹیل کو ان کے خلاف انتخابی میدان میں اتارا ہے۔موریہ کے علاوہ کابینی وزیر راجندر پرتاپ سنگھ ضلع پرتاپ گڑھ کی پٹی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔علاوہ ازیں کابینی وزیر و سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے پوتے سدھاتھ ناتھ سنگھ الہ آباد مغرب،وزیر شہری ہوابازی نند گوپال نندی الہ آباد جنوب سے انتخابی میدان میں ہیں۔وزیر برائے سماجی فلاح رام پتی شاستری منکا پور اور مملکتی وزیر چندرکا پرساد اپادھیائے چترکوٹ صدر سے انتخابی میدان میں ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS