خلائی سرگرمیوں میں نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کے لئے نئے بورڈ کے قیام کو منظوری

0

نئی دہلی: حکومت نے خلائی سرگرمیوں کی نگرانی، کوآرڈینیشن اور اس میں نجی شعبے کی شراکت کو فروغ دینے کے لئے ایک 'قومی اسپیس پروموشن اینڈ اتھارٹی سینٹر' (آئی این اسپیس) قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں تجویز کو منظوری دی گئی۔ آئی این اسپیس سینٹر میں ایک گورننگ بورڈ ہوگا جو ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارہ (اسرو) اور نجی شعبے کے مابین رابطہ کاری کرے گا۔ آنے والے دنوں میں بورڈ کے خاکے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ 
خیال رہے کہ خود کفیل ہندوستان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے کہا تھا کہ وہ نجی شعبے کو خلائی سرگرمیوں میں مواقع فراہم کرے گی۔
خلائی شعبے کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک "تاریخی اور نئی راہ کھولنے والا" فیصلہ ہے۔ 70 سالوں سے ملک کے خلائی پروگرام کو انتہائی خفیہ رکھا گیا اور نجی شعبے کو اس سے دور رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی این اسپیس سینٹر ملک کے خلائی شعبے کے بنیادی ڈھانچے اور اثاثوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنائے گا۔ اس سے سائنس دانوں اور ملک میں خلائی شعبے کے دوسرے ماہرین کو روزگار کے زیادہ مواقع میسر ہوں گے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS