آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت 75 ہنر ہاٹ کا اہتمام کیا جائے گا: مختار عباس نقوی

0

نئی دہلی، 16 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ آزادی کے 75 برس کے جشن “امرت مہوتسو” کے تحت ملک بھر میں 75 “ہنر ہاٹ” کے ذریعے سات لاکھ پچاس ہزار دستکاروں، کاریگروں ، ہنرمندوں کو روزگار اور ملازمت کے مواقع سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔مسٹر مختار نقوی نے پیر کے روز یہاں کہا کہ ملک بھر میں خالی پڑی وقف کی اراضی پر 75 “امرت مہوتسو پارک” بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ “امرت مہوتسو پارک” مرکزی وزارت اقلیتی امور کی ‘وقف ترقیاتی اسکیم’ اور ‘پردھان منتری جن وکاس پروگرام’ کے تحت تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 2023 تک “امرت مہوتسو” کے تحت، ملک بھر میں”میرا وطن، میرا چمن” مشاعرے بھی منعقد کیے جائیں گے، جس میں ملک کے معروف اور ابھرتے ہوئے شعراء و شاعرات “ایک بھارت-شریشٹھ بھارت” ” کے عزم سے بھرا پیغام دیں گے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ ملک کے تمام حصوں میں 75 “ہنر ہاٹ” کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں ملک کے ہر علاقہ، علاقے کے کاریگر ، دستکار، ہنرمند اپنی ہاتھ سے تیار کردہ دیسی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کریں گے۔ مقامی “ہنر ہاٹ” میں ملک کے مختلف علاقوں سے روایتی پکوانوں اور غذاؤں کا ایک سیکشن “باورچی خانہ” بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نامور فنکاروں کے ثقافتی پروگرام بھی ہر شام “ہنر ہاٹ” میں منعقد کیے جائیں گے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کے مختلف وقف بورڈوں کی جانب سے 75 “امرت مہوتسو پارک” کے لیے زمین دی جارہی ہے، جہاں شاندار پارکس تعمیر کیے جائیں گے اور ان میں آزادی کی جدوجہد میں شراکت کی تاریخ کو خوبصورت اور فنکارانہ انداز میں پیش کیا جائے گا۔ ان پارکوں میں یوگا، ورزش، چہل قدمی، بچوں کے کھیل کا علاقہ، درخت اور پودے اور کامن سروس سنٹر بھی ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS