کشمیر: کورونا میں مبتلا دو معمر خواتین کی موت، چھ دنوں میں 9 اموات

    0

    وادی کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ دوعمر رسیدہ خواتین کی موت واقع ہونے سے جموں و کشمیر میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 20 ہوگئی ہے۔
    سرکاری ذرائع کے مطابق وسطی ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ خاتون  کی موت جمعرات کو اسپتال برائے امراض سینہ واقع درگجن سری نگر میں واقع ہوئی جبکہ بمنہ سری نگر سے تعلق رکھنے والی عمر رسیدہ خاتون کی موت شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر میں بدھ کے روز واقع ہوئی تھی اور اس کا کورونا ٹیسٹ موت کے ایک دن بعد مثبت آیا۔  
    ذرائع کے  مطابق خاتون کی جمعرات کی دوپہر کو آئی سی یو میں حرکت قلب اچانک بند ہونے سے موت ہوئی۔ خاتون گردوں کے مرض میں بھی مبتلا تھی۔
     خاتون کی تدفین  اپنے آبائی علاقہ پارس آباد میں انجام دی گئی۔ نماز جنازہ میں کچھ قریبی رشتہ داروں نے ہی شرکت کی۔
    ادھر عثمانیہ کالونی بمنہ سری نگر سے تعلق رکھنے والی 80 سالہ خاتون کو 19 مئی کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر میں داخل کیا گیا تھا اور اس کو علاحدہ وارڈ میں رکھا گیا تھا 
    جہاں اس کی بدھ کے روز موت واقع ہوئی اور ان کی لاش کو گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے لاش گھر میں رکھا گیا تھا۔ خاتون نمونیا اور ہائی بلڈ پریشر کی بیماری میں بھی مبتلا تھی۔ جموں و کشمیر میں اب تک کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ جن میں سے 18 کا تعلق کشمیر سے جبکہ 2 جموں کے ہیں۔
    قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں گذشتہ چھ دنوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا 9 مریضوں کی موت ہوئی۔ ان میں سے سات کی عمر پچاس برس سے زیادہ تھی۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS