جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے نپورہ میں آج صبح چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں اب تک دو جنگجو مارے جاچکے ہیں۔
یہ جنوبی کشمیر میں رواں ہفتے چلایا جانے والا چوتھا جنگجو مخالف آپریشن ہے جس میں اب تک دو جنگجو مارے جاچکے ہیں۔ قبل ازیں 7، 8 اور 10 جون کو بالترتیب ضلع شوپیاں کے ربن، پنجورہ اور سگھو ہندہامہ نامی علاقوں میں 14 جنگجو مارے گئے تھے۔
جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے نپورہ میں ہفتہ کی علی الصبح چھڑنے والے مسلح تصادم میں اب تک دو جنگجو مارے جاچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے نیز آپریشن جاری ہے۔
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے نپورہ کولگام میں ہفتہ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان چھڑنے والے مسلح تصادم میں اب تک دو جنگجو مارے جاچکے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام پولیس پولیس، فوج کی 19 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے نپورہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔
دریں اثنا ضلع کولگام میں مسلح تصادم کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔ نیز ضلع تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رکھی گئی ہے۔