مصیبت سر سے ٹلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے…(حمد)

0

مصیبت سر سے ٹلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
پھنسی کشتی نکلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
بھلائی کی طرف اپنے قدم خود بڑھنے لگتے ہیں
بُرائی ہاتھ مَلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
وہ مایوسی کو مایوسی سَدا رہنے نہیں دیتا
دلوں میں آس پلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
پلٹ آتا ہے جاتے جاتے واپس امن کا ماحول
ستم کی دُھوپ ڈھلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
کبھی ہوتی نہیں پیدا کوئی بکھراؤ کی صُورت
کہ آندھی رُخ بدلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
کوئی مانے نہ مانے یہ مرا ایمانِ راسخ ہے
ہماری سانس چلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
بشکلِ حمد میرے دل کی گہرائی سے اے حافظؔ
ثنا اُس کی نکلتی ہے خُدا کو یاد کرنے سے
ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS