اگرتلہ:تریپورہ ہائی کورٹ نے نیشنل چائلڈ پروٹیکشن کمیشن (این سی پی سی) کو اس نابالغ لڑکی (14سالہ) کی صحت کی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت دی ہے جسے تقریباً تین مہینے قبل راجستھان لے جاکر فروخت کردیا گیا تھا اور اب اسے کورونا وائرس(کووڈ۔19) سے متاثرہ ہونے پر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ کی بنچ نے میڈیا رپورٹوں کی بنیاد پر معاملے کا خود سے نوٹس لیتے ہوئے تریپورہ کے محکمہ داخلہ سمیت تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کیا تھا اور دو دنوں کے اندر ریاست میں لڑکی کی محفوظ واپسی یقینی بنانے کے سلسلہ میں جواب دینے کے لئے کہا تھا۔
تمام متعلقہ فریقین نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ لڑکی کورونا وائرس سے متاثرہ پائی گئی ہے اور اب اس کا علاج چل رہا ہے جس کی وجہ سے اسے اس وقت ریاست میں واپس لانا ممکن نہیں ہوگا۔عدالت نے کہا ، "بدقسمتی سے ، لڑکی 2.5 ماہ کی حاملہ ہے۔غربت کی وجہ سے ، بچی کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا تھا۔
اس کے بعد عدالت نے این سی پی سی کو لڑکی کی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت دی اور سماعت کی اگلی تاریخ چھ جولائی طے کی۔ لڑکی کو مارچ میں تریپورہ سے راجستھان لے جایا گیا تھا اور وہاں اسے مبینہ طورپر فروخت کردیا گیا۔
لڑکی کو راجستھان میں جس مکان کے اندر رکھا گیا تھا وہاں سے وہ فرار ہوگئی تھی جس کے بعد پولیس نے مئی میں اسے آزاد کرایا۔ پولیس نے لڑکی کو راجستھان کے جھنجھنو گاوں سے آزاد کرایا تھا لیکن اس کے بعد اس نے اپنی ریاست واپس جانے سے منع کردیا تھا۔
تریپورہ کے انکوکوٹی ضلع کی پولیس راجستھان میں اس سلسلہ میں اطلاع ملنے کے بعد لڑکی کے کنبہ کے پاس پہنچی لیکن کنبہ کے لوگوں نے اسے واپس لانے یا کسی شخص کے خلاف معاملہ درج کرانے سے انکار کردیا تھا۔
تریپورہ ہائی کورٹ نے کورونا متاثر ہ لڑکی کی دیکھ بھال کی ہدایت دی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS