وقت کی رفتار اور ہماری ذمہ داریاں

0

محمد ارمان انور

وقت ایک ایسا قیمتی اثاثہ ہے جو ہمارے ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسل کر چلا جاتا ہے۔ اس کی رفتار اتنی تیز ہے کہ ہم اکثر اسے نظر انداز کر دیتے ہیں اور جب ہوش سنبھالتے ہیں تو بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ وقت کی یہ رفتار ایک اٹل حقیقت ہے جو کبھی تھمتی نہیں اور ہمیشہ آگے بڑھتی رہتی ہے۔ یہ زندگی کا وہ سرمایہ ہے جسے نہ کوئی روک سکتا ہے اور نہ ہی واپس لا سکتا ہے۔ وقت انسان کی ترقی، کامیابی اور ناکامی کا پیمانہ ہے۔ اس کی قدر کرنا کامیابی کی کنجی ہے، اور جو اس کی قدر کرتا ہے، وہی دنیا میں اپنا مقام حاصل کرتا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ وقت کا بہتر استعمال کرنے والوں نے حیرت انگیز کارنامے انجام دیے ہیں۔ وقت ہمیں محنت، صبر اور بصیرت سے زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے۔

وقت کی اہمیت اور قدروقیمت کا شماراللہ کریم کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بہت ہی قیمتی نعمت ہے۔ وقت ایک ایسی نعمت ہے جو ہر انسان کو یکساں عطا کی گئی ہے۔ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ غریب کے لیے دن ورات میں 24 گھنٹے ہیں اور امیر کے لیے 30، بلکہ اللہ پاک نے ہر انسان کو 24 گھنٹے، 1440 منٹ یا 86400 سیکنڈ برابر دیے ہیں۔

وقت کی اہمیت کو قرآن پاک اور سنت نبوی ؐ میں بھی واضح کیا گیا ہے۔ سورۃ العصر ہمیں پکار پکار کر یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم اپنی زندگی اور وقت کی قدر کریں، نیک اعمال کریں، اور نیکی کی دعوت دینے والے بنیں۔ پیارے آقا ؐ نے ارشاد فرمایا:

’’دو نعمتیں ایسی ہیں جن کے بارے میں بہت سے لوگ دھوکے میں ہیں: صحت اور فراغت۔‘‘
وقت کی قدر اور اس کا درست استعمال:ہماری زندگی کے لمحات انمول ہیرے ہیں۔ اگر ہم نے انہیں ضائع کیا تو حسرت و ندامت کے سوا کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔ وقت ایک ایسی دولت ہے جس کے درست استعمال سے انسان ہر چیز حاصل کر سکتا ہے، جبکہ غلط استعمال اسے ناکامی کی طرف دھکیل دیتا ہے۔بزرگانِ دین وقت کی بہت قدر کرتے تھے۔ حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ سے عرض کی گئی: ’’یا امیر المومنین! یہ کام آپ کل پر موخر کر دیں۔‘‘ ارشاد فرمایا:

’’میں روزانہ کا کام ایک دن میں بمشکل مکمل کرتا ہوں، اگر آج کا کام بھی کل پر چھوڑ دوں گا تو دو دن کا کام ایک دن میں کیسے کر سکوں گا؟‘‘

امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:’’وقت تلوار کی مانند ہے۔ اگر آپ اسے عمل کے ذریعے نہ کاٹیں تو یہ آپ کو حسرتوں میں مشغول کرکے کاٹ ڈالے گا۔‘‘وقت کی رفتار اور جدید دور:جدید دور میں وقت کی رفتار نے مزید اہمیت اختیار کر لی ہے۔ ٹیکنالوجی کی ترقی اور بڑھتی ہوئی مصروفیات نے وقت کو ایک قیمتی سرمایہ بنا دیا ہے۔ ہر شخص کم وقت میں زیادہ کام مکمل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ہمیں چاہیے کہ وقت کی رفتار کو سمجھیں اور اسے مثبت کاموں میں استعمال کریں۔ وقت کی قدر نہ کرنے والے اکثر پچھتاوے کا شکار ہوتے ہیں۔ہماری ذمہ داریاں اور وقت کا مؤثر استعمال وقت کی رفتار سے ہم آہنگ ہونا اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔ اپنی زندگی میں درج ذیل پہلوؤں کو متوازن رکھنا ضروری ہے:

ذاتی ذمہ داریاں: اپنی صحت، تعلیم اور ذاتی ترقی کے لیے وقت نکالنا۔پیشہ ورانہ ذمہ داریاں: اپنے کام کی اہمیت کو سمجھنا اور وقت پر مکمل کرنا۔سماجی ذمہ داریاں: معاشرتی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا۔ مستقبل کی ذمہ داریاں: ماحول کی حفاظت، وسائل کا درست استعمال، اور معاشرتی انصاف کے لیے کام کرنا۔وقت اللہ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس کی قدر کریں اور اسے اپنی اور دوسروں کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔ جو لوگ وقت کا صحیح استعمال کرتے ہیں، وہ دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں وقت کی اہمیت کو سمجھنے اور اس کا بہتر استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS