وزیراعظم مودی کی لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل، وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ میں ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور ٹریٹمنٹ پر خاص زور
نئی دہلی :مہاراشٹر سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا وبا کے ایک بار پھر نئے سرے سے پھیلنے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا کے تیزی سے بڑھتے معاملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستوں کو ’تھری ٹی‘ فارمولہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک بھر میں ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور ٹریٹمنٹ پر ایک بار پھر سے زور دینا ہوگا۔ مسٹر مودی نے بدھ کے روز ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سے منعقد میٹنگ میں کہاکہ ہمیں کورونا کی اس ابھرتی ہوئی سکینڈ پیک کو فوراً روکنا ہوگا۔ اس غرض سے ہمیں فوراً فیصلہ کن اقدام کرنا ہوگا۔ میٹنگ میں ملک میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کورونا کے خلاف مہم میں اب تک کی حصولیابیوں کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کی لڑائی میں، ہم آج جہاں تک پہنچے ہیں، اس سے آنے والا اعتماد، لاپروائی میں نہیں بدلنا چاہیے۔ ہمیں عوام کو پینک موڈ میں بھی نہیں لانا ہے اور پریشانی سے خلاصی بھی دلانی ہے۔ ٹیسٹ، ٹریک اور ٹریٹ کے سلسلے میں بھی ہمیں اتنا ہی سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے، جیسا کہ ہم گزشتہ ایک برس سے کرتے آ رہے ہیں‘۔ کنٹینمنٹ زون میں کورونا وائرس پر قدغن لگانے کیلئے کورونا ٹیسٹ کو لازمی اور اس کی تعداد بڑھانے پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ہر کورونا متاثر شخص کے رابطوں کو کم سے کم وقت میں ٹریک کرنا اور آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ ریٹ 70سے زیادہ رکھنا اہم ہے۔ ہمیں چھوٹے شہروں میں ٹیسٹنگ کو بڑھانا ہو گا۔ ہمیں چھوٹے شہروں میں ریفرل سسٹم اور ایمبولینس نیٹ ورک پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکہ کاری کی رفتار مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایک دن میں 30لاکھ افراد کی ٹیکہ کاری کرنے کے اعداد و شمار کو عبور کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ ہمیں ویکسین ڈوز کے برباد ہونے کے مسئلے کو بہت سنجیدگی سے لینا ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے ان اضلاع کا ذکر کیا، جہاں کورونا وائرس پر قدغن لگانے کیلئے خصوصی توجہ دیے جانے کی ضرورت ہے۔ مرکزی سکریٹری برائے داخلہ نے بھی کورونا کی تازہ صورتحال اور ٹیکہ کاری کے لائحہ عمل کے بارے میں ایک پیشکش کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس کی سنگینی بڑھتی جارہی ہے اور یومیہ کیسزمیں روز افزوں اضافہ ہورہاہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں 10 ہزار سے زیادہ ایکٹیو کیسز کی رپورٹ ہے۔ ملک بھر میں آج تقریباً 29ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں 10974 معاملات بڑھ چکے ہیں، جبکہ منگل کو 4170، پیر کو 8718، اتوار کو 8522اور ہفتہ کو 4785کا اضافہ ہوا ہے۔اسی عرصے کے دوران جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس سے مرنے والے مریضوں کی تعداد 188درج کی گئی ہے، جبکہ منگل کے روز یہ تعداد 131، پیر کو 118، اتوار کو 158، ہفتہ کو 140، جمعہ کو 117، جمعرات کو 126، بدھ کے روز 133ریکارڈ کی گئی تھی۔ دریں اثنا ملک میں اب تک 3 کروڑ 50 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کو اینٹی کورونا ویکسین دی جاچکی ہے ۔بدھ کی صبح مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران موذی کورونا وائرس کے 28903نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 14لاکھ 38ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران17741 مریض صحت مند ہوئے، جس سے شفایاب مریضوں کی مجموعی تعداد 11045284ہوچکی ہے۔ ایکٹیو کیسز 10974سے بڑھ کر 234406ہو گئے ہیں۔ اسی مدت میں مزید 188مریضوں کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد د 159044ہوچکی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے شفایابی کی شرح 96.56فیصد ، ایکٹیو کیسز کی شرح 2.04فیصد، جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.39فیصد ہے۔ریاست مہاراشٹر کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسزکے معاملہ اب بھی ملک میں میں سرفہرست ہے۔ ریاست میں 8267کیسز کے اضافے کے ساتھ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی مجموعی تعداد 140079ہوگئی ہے ۔ ریاست میں 9510مریض صحت مند ہو ئے ہیں، جس سے جان لیوا کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 2154253لاکھ ہوچکی ہے، جبکہ 87مزید مریضوں کی موت سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 52996ہوگئی ہے۔
ریاست کیرالہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے ایکٹیو کیسزکی تعداد929سے گھٹ کر مجموعی تعداد 26428اور مہلک ترین کورونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 10لاکھ 63ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے، جبکہ 15مزید مریضوں کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 4422 ہوچکی ہے ۔ ریاست کرناٹک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز 568سے بڑھ کر 9447ہو گئے ہیں۔ ریاست میں اموات کی تعداد 12403ہوچکی ہے اور اب تک 940489مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔ریاست پنجاب میں ایکٹیو کیسز کیسز کی تعداد 674سے بڑھ کر 12616اور جان لیوا وبا سے شفایابی حاصل کرنے والے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 182283جبکہ اب تک 6137مریض دم توڑ چکے ہیں۔ ریاست چھتیس گڑھ میں ایکٹیو کیسز 563سے بڑھ کرمجموعی تعداد 4661ہوگئی۔ ریاست میں 310260مریض شفایاب ہوچکے ہیں ، جبکہ جان لیوا وبا کی وجہ سے 12مزید افراد کی ہلاکت کے ساتھ مجموعی تعداد 3909ہوگئی ہے ۔
ریاست گجرات میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 249سے بڑھ کر 4966ہوگئی ہے اور اب تک 4427افراد کی موت جبکہ ریاست میں اب تک 270658کورونا مریضوں نے شفایابی حاصل کی ہے ۔ ریاست مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس کے 262ایکٹیو کیسز سے بڑھ کر 5286ہو چکے ہیں اور اب تک 261031مریض صحت مند جبکہ 3891افراد اس موذی وبا کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں۔ ریاست تمل ناڈو میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 5450ہوچکی ہے اور اب تک 12556افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ریاست میں اب تک 843423مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔اسی مدت کے دوران ریاست ہریانہ میں ایکٹیو کیسز کی تعداد میں تیزی آئی ہے ۔ اس ریاست میں 272ایکٹیو کیسز کے اضافے کے ساتھ مجموعی تعداد 3484ہوگئی ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی 3079افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک اور اب تک 269517افراد اس جان لیوا اور موذی وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی میں ایکٹیو کیسزکی تعداد بڑھ 2488ہوگئی ہے اور اب تک 10945افراد اس جان لیوا وبا سے ہلاک، جبکہ 631056مریضوں نے موذی وبا کورونا کو شکست دی ہے۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 1912رہ گئی ہے ۔ وہیں اس جان لیوا وبا کی وجہ سے 8750افراد ہلاک اور اب تک 5.94لاکھ سے زیادہ مریض صحت مند ہوچکے ہیں۔بہارمیں ایکٹیو کیسز کی تعداد 347رہ گئی ہے ۔ ریاست میں کورونا کی وجہ سے 1553افراد لقمہ اجل، جبکہ اب تک 261171مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔
کورونا کی دوسری لہر پر جلد قابو پانا ہوگا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS