امرتسر: کووڈ- 19لاک ڈاؤن کی وجہ سے دبئی میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو دبئی سے واپس لانے کے لئے’سربت دا بھلا ٹرسٹ‘کے ذریعہ بھیجا گیا دوسرا چارٹرڈ طیارہ منگل کے روز 174 مسافروں کو لے کر امرتسر کے گرو رام داس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے ہزاروں ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے سربت دا بھلا ٹرسٹ نے چارٹرڈ ہوائی جہاز بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت دوسرا طیارہ آج 174 مسافروں کے ساتھ امرتسر واپس آیا۔
ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر ایس پی سنگھ اوبیرائے نے منگل کے روزکہا کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے عرب ممالک میں پھنسے ہزاروں ہندوستانی ملک واپس آنے کے منتظر ہیں۔وہاں پھنسے ہوئے افراد میں چار مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ملازم شامل ہیں جو کورونا کی وبا کے دوران کمپنیاں بند ہونے کی وجہ سے سڑکوں پرآگئے ہیں۔ یہ لوگ دو وقت کے کھانے کے محتاج ہوگئے ہیں۔ ٹرسٹ دبئی میں اپنی سطح پر مفت پناہ گاہ اور کھانا مہیا کرارہا ہے۔
ٹرسٹ کی مہم کے پہلے مرحلے میں 7 جولائی کو چارٹرڈ ہوائی جہاز کے ذریعہ 177 افراد کو متحدہ عرب امارات کےراس قدو خیمہ ایئرپورٹ سے چنڈی گڑھ ہوائی اڈے لایا گیا تھا۔اب دوسری خصوصی پرواز بھی اسی ہوائی اڈے سے پنجاب اورہریانہ کے پھنسے ہوئے 174 دیگر افراد کو پیر کی رات دیرامرتسر کے گرو رام داس بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچی ہے۔
ڈاکٹر اوبیرئے نے ایک خصوصی منصوبے کے تحت اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک سے واپس آنے والے ان افراد کو خود روزگار فراہم کرنے کے لئے ٹرسٹ کے ذریعہ ریاست کے تمام اضلاع میں کوشل وکاس کیندرکھولے جائیں گے اورہرمرکزمیں 40 سے 50 ضرورت مند افراد کو روزگارسے متعلق مفت تربیت مہیا کرائی جائے گی۔ اگر ضرورت ہوئی تو ٹرسٹ کے ذریعہ آئندہ ماہ چار مزید خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جائے گا۔ٹرسٹ کے ذریعے بک کرائے گئے چارٹرڈ ہوائی جہاز کی تیسری پرواز 19 جولائی کو چنڈی گڑھ اور چوتھی 25 جولائی کو امرتسر پہنچے گی۔
دبئی سے 174 مسافروں کے ساتھ دوسرا چارٹرڈ طیارہ امرتسر پہنچا، تیسری پرواز 19 جولائی کو چنڈی گڑھ اور چوتھی 25 جولائی کو امرتسر پہنچے گی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS