لکھنو،(ایجنسی): ریاست اترپردیش کے علاقے مرزا پور میں اسکول پرنسپل نے طالب علم کو سزا دینے لیے پہلی منزل سے نیچے الٹا لٹکا دیا۔ میڈیا کے مطابق مرزا پور کے ایک نجی اسکول میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسکول پرنسپل نے دوسری جماعت کے طالب علم کو بغیر پوچھےگول گپےکھانےکے لیے جانے اور ساتھی طالب علم سے جھگڑا کرنے پر سزا دینے کے لیے خوفناک طریقہ استعمال کیا۔
اسکول پرنسپل نے پانچ سال کےبچے کو پہلی منزل پر لے جاکر ٹخنوں سے پکڑ کر الٹا لٹکادیا اورگرانے کی دھمکیاں دیتا رہا، بچہ روتا رہا اور یہ منظردیکھ کر دوسرے بچے بھی رونے لگے۔ معصوم بچے کی جانب سے معافی مانگنے اور آئندہ شرارت نہ کرنے کے وعدے پر پرنسپل نے بچے کو واپس کھینچ لیا۔
ظالمانہ اور غیر ذمہ دارانہ سلوک کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونےکے بعد بچےکے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے پولیس نے اسکول پرنسپل کو گرفتار کرلیا ۔ میڈیا کے مطابق گرفتاری سے پہلے تک اسکول پرنسپل غلطی ماننے سے انکار کرتا رہا، اس کا کہنا تھا کہ بچے کے والد نے ہی اس سے کہا تھا کہ اس کا بیٹا بہت شرارتی ہے اس لیے اسے ٹھیک کرو، بچہ دیگر بچوں کو کاٹتا بھی ہے اور بہت شرارتیں کرتا ہے، اس لیے اسے ڈرانے کے لیے ایسا کیا۔
اسکول پرنسپل نےطالبعلم کو سزا دینےکیلئے عمارت سے نیچے لٹکا دیا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS