ارشد انجم مرزاپور مدہوبنی
قرآن آخری آسمانی کتاب ہے جو آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کی گئی۔ہماری خوش نصیبی ہے کہ اللہ تبارک و تعالی نے ہمیں امت محمدیہ یعنی اس رسولؐ کی امت میں پیدا فرمایا جنہیں پوری دنیا کے انسانوں کے لئے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا اور قرآن کریم جیسی مقدس کتاب دی جو انسانوں کے لئے سر چشمۂ ہدایت ہے۔ حضرت امام مالک اپنی کتاب میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ میں تمہارے پاس دو چیزیں چھوڑ کے جا رہا ہوں ایک کتاب اللہ یعنی قرآن کریم اور دوسری نبی کی سنت اگر تم انہیں تھامے رکھو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہوگے۔ یہ حدیث مبارکہ بھی ہمیں اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتی ہے کہ قرآن کریم اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو تھامنے میں ہی ہدایت ہے۔ جس نے بھی کتاب اللہ اور سنت نبی کو سختی سے پکڑ لیا وہ کبھی بھی گمراہ نہیں ہوگا وہ ہدایت پر ہی رہے گا۔ اگرکوئی قرآن کو اور نبی کی سنت کو ایک ہی جگہ ایک شخص میں دیکھنا چاہتا ہے وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی ہے۔ جس نے قرآن بھی پہنچایا اور اپنی سنت بھی سکھائی۔ اللہ تعالی نے قرآن کریم کو قیامت تک آنے والے انسانوں کی ہدایت کے لئے نازل فرمایا ہے مگرواقعہ یہ ہے کہ قرآن کریم سے فائدہ اللہ سے ڈرنے والے انسان ہی اٹھاتے ہیں۔
قرآن کریم کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ نے لی ہے، حضور اکرمؐ نے قرآن مجید کو لکھوانے کا بھی خاص اہتمام فرمایا چنانچہ نزول وحی کے بعد آپ کاتبین وحی کو لکھوا دیا کرتے تھے۔ نبی کریمؐ کا معمول یہ تھا کہ جب قرآن کریم کا کوئی بھی حصّہ نازل ہوتا تو آپ کاتب وحی کو یہ ہدایت فرماتے تھے کہ اسے فلاں سورہ میں فلاں فلاں آیت کے بعد لکھا جائے۔ کاتبین وحی میں حضرت زید بن ثابتؓ، حضرت ابی بن کعبؓ، حضرت زبیر بن عوامؓ اور حضرت امیر معاویہؓ کے نام خاص طور پر ذکر کئے جاتے ہیں۔قرآن کریم میں رب کریم نے ارشاد فرمایا کہ تمام جن اور انس مل کر اگر قرآن میں ترمیم کرنا یا ان کے مثل لانا چاہیں تو نہیں لا سکتے ( سورہ ہود )۔ قرآن اور اس کا چیلنج قیامت تک آنے والے انسانوں لئے ہے جس کا مثل نہ تو کوئی لایا ہے اور نہ کوئی لاپائیگا۔ قرآن مجیدکو رب کریم نے نازل کیا ہے اوریہ حافظ قرآن کے سینے میں ہے۔توجو اسلام اور قرآن کے خلاف لب کشائی کرتے ہیں ان سے بس یہی کہنا چاہئے کہ یا تو قرآن کے چیلینج کو قبول کریں یا اللہ سے ڈریں اور اس آگ سے ڈریں جس کا ایندھن آدمی اور پتھر ہیں اور یہ جان لیں کہ قرآن ہی ایک ایسی کتاب ہے جس میں ہر مسئلے کا حل ہے اور یہ کتاب پوری دنیا کے انسانوں کے لئے راہ ہدایت ہے ۔qq