مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچے حاجی پریشان

ہوٹل میں روم نہ ملنے کا ویڈیو وائرل، سامان سڑک پررکھنے پر مجبور، پھر بھی بہتر سہولت مہیا کرانے کا انتظامیہ کا دعویٰ

0

نئی دہلی (ایس این بی)
حج بیت اللہ 2023کی ادائیگی کے لئے ملک کے مختلف امبارکیشن پوانٹ سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق ہفتہ تک تقریباً 15ہزار حجاج کرام سعودیہ سے ہندوستان پہنچ چکے ہیں ۔حج کمیٹی آف انڈیا اور قونصلیٹ جنرل ف انڈیا (جدہ ) اور وزارت اقلیتی امور کے ذریعہ جہاں حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرانے کے دعوے کئے جا رہے ہیں ،اس کے برعکس مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش پر سامان نہ پہنچنے ،رہائش بلڈنگو ں میں کئی طرح کی خامیاں ہونے ،مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچنے اور مکہ مکرمہ سے مدینہ پہنچنے کے دوران کئی طرح کی خامیوں کے ویڈیو وائرل ہوئے جبکہ وطن واپسی کے وقت ایئر پورٹ پہنچنے کے دوران ٹرانسپورٹ ،فلائٹ کے اڑنے، سامان اور انتظار کرنے سمیت تک کے کئی ویڈو وائرل ہوئے جبکہ حج کے دوران مکہ مکرمہ سے مدینہ پہنچے حاجیوں کا ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں انہیں ہوٹل میں کمرے نہیں ملنے کی وجہ سے سڑکوں پر گھنٹوں سامان کے ساتھ وقت گزارنا پڑا ہے ۔
بہر حال مکہ مکرمہ سے تازہ وائرل ویڈیو میں حاجیوں کا سامان ایک ہوٹل کے سامنے سڑک پر رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے حاجیوں کے درمیان افرا تفری کا ماحول دیکھا جاسکتا ہے ۔اس ویڈیو اور کچھ حاجیوں کی تصاویر میں خواتین بھی سڑک پر بیٹھی ہوئی ہیں ۔بہر حال یہ ویڈیو اور تصاویر کا منظر دل کو چھولینے والا ہے کہ مکہ مکرمہ سے چل کر مدینہ پہنچے حاجی جن میں بیشتر خاتون بھی ہیں سڑکوں پر بیٹھ کر ہوٹل میں کمرے کا انتظار کر رہی ہیں ۔وائر ل ویڈیو میں کچھ آوازیں بھی آرہی ہیں کہ یہاں ان کا کمرہ نہیں ہے ،کچھ ایسی آواز بھی آرہی ہیں کہ آپکا سامان آجائے گا ۔حالانکہ ہندوستان سے روانگی کے دوران بھی حاجیوں کے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد کئی ویڈیو وائرل ہوئے ،جس کے بعد وزارت اقلیتی امور کی جانب سے وہاں آئی پی ایس افسر بھی انکوائری کے لئے بھیجے گئے گئے تھے تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات مہیا کرائی جاسکیں۔ اس وقت انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کئی ویڈیو غلط بھی پائے گئے اور کچھ الگ ذہنیت کے لوگوں کے ذریعہ حکومت کو بدنام کرنے کے لئے بھی بنائے جا رہے ہیں ۔
ادھر حج کمیٹی آف انڈیا اور قونصلیٹ جنرل آف انڈیا (جدہ ) کے ذریعہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے آنے جانے کے دوران حاجیوں کا سامان بھی ساتھ ساتھ آجاتا ہے۔اس کے بعد ہوٹل میں روم الاٹمنٹ کے بعد تمام حاجیوں کاسامان وہاں پہنچا دیا جاتا ہے ۔ہر سال یہی روٹین عمل میں رہتا ہے ۔ اگراس دوران حاجیوں کو کسی طرح کی دقت پیش آتی ہے تب اسے بر وقت حل کرنے کی کوشش رہتی ہے اور ضرورت پڑنے پر سینئر افسروں کو جائے وقوع پر بھیجا جاتا ہے تاکہ اس پریشانی کا فوری حل ہو سکے اور حاجیوں کو کم سے کم دقت کا سامنا کرنا پڑے ۔انتظامیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں بھی جیسے ہی جانکاری ملی کہ مذکورہ ہوٹل میں کچھ مسئلہ ہے ،تب متعلقہ ٹیم کو جائے وقوع پر روانہ کردیا گیا تھا اور حاجیوں کو ہورہی پریشانی کو دور کرنے کے متعلق فوری قدم اٹھائے گئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ جو بھی شکایت کسی بھی زاویہ سے یہاں موصول ہوئی تھی تب اس پر بروقت کارروائی ہوئی تھی اور مسئلہ کو حل کرلیا گیا تھا۔
قونصل جنرل انڈیا (جدہ ) محمد شاہد عالم نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میںیوں تو ہر شعبے میں تمام حاجیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرائی گئی،جس میں میڈیکل شعبے میں خصوصی انتظام کئے گئے ۔ اس بار تقریباً 1,59,323حجاج کرام نے او پی ڈی خدمات حاصل کی اور تقریباً 1078کا علاج کیا گیا ۔اس بار12,755 ایمبولنس کال رسیو کی گئی ۔جبکہ 16,878حجاج کرام کا معمولی علاج کیا گیا ہے ۔74حجاج کرام کا اسپتال میں علاج کیا گیا ۔موبائل ٹیم کے ذریعہ 27,342حجا ج کرام کو طبی سہولیات مہیا کرائی گئیں ۔23,561ہائی رسک والے حجاج کرام کا علاج کیا گیا ۔
سی جی آئی محمد شاہد عالم نے بتایا کہ خواتین کے صحت مرکز پربغیر محرم کے آئی پی ڈی میں 125 خواتین اور اوپی ڈی میں 13,973خواتین کو طبی علاج مہیا کرایا گیا ۔اس بار 17ایمبولنس حاجیوں کی خدمت میں تعینات رہیں۔پہلی بار 20بیڈ کا ایکسکلوسیو اسپتال صرف خواتین کے لئے قائم کیا گیا ۔تقریباً 73حاجیوں کو ایمبولینس کے ذریعہ وقوف عرفات پہنچایا گیا ۔حاجیوں کی خدمت کے لئے پہلی بار ڈینل سیٹپ کا انتظام کیا گیا ۔عرفات میں پہلی بار حاجیوں کو اے سی ٹینٹ کا بندوبست ،منیٰ اور عرفا ت میں تازہ کھانا مہیا کرایا گیا ۔خواتین کا خصوصی خیال رکھا گیا ۔سبھی حاجی 8ذوالحج کو ظہر تک منیٰ پہنچ گئے تھے ۔
قابل ذکر ہے کہ 8جولائی تک 46فلائٹوں سے 14,584حجاج کرام وطن واپس پہنچنے ہیں جن میں آج9فلائٹ سے آئے 3,195حجاج کرام شامل ہیں جبکہ7جولائی تک ملک کے سب سے بڑے دہلی امبارکیشن پر 18فلائٹوں کے ذریعہ 5,841حجاج کرام دہلی پہنچ گئے تھے جبکہ آج 2 فلائٹوں سے تقریباً 800 حجاج کرام دہلی پہنچے ہیں ۔بہر حال اب تک حج کمیٹی آف انڈیا کے تحت گئے 114 اورپرائیویٹ ٹور آپریٹرس کے ذریعہ گئے 19حجاج کرام کا انتقال ہوچکا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS