نئی دہلی : لوک سبھا نے مانسون سیشن کے پہلے روز آج سابق صدر پرنب مکھرجی ، ایوان کے رکن ایچ وسنت کمار ، کلاسیکی گلوکار پنڈت جسراج اور ایوان کے دیگر سابق اراکین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کاروائی شروع کرتے ہی ایوان کو سابق اراکین کے انتقال کی اطلاع دی اور ان کے تعاون کا ذکر کیا۔ ایوان نے ملک کی سلامتی کے لئے شہید ہونے والے فوجیوں اور کورونا سے لڑتے ہوئے اپنی جان گنوانے والے کورونا واریئر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے سابق صدر پرنب مکھرجی کو پارلیمانی امور کے ماہر ، مقبول رہنما اور تمام جماعتوں میں ان کی شخصیت کے لئے احترام کے جذبے کا ذکر کیا اور کہاکہ وہ ملک کے اعظیم لیڈروں میں سے ایک تھے ۔ مسٹر مکھرجی تیز طرار مقرر، پارلیمانی امور کے ماہر تھے اور انہوں نے پانچ دہائیوں سے زیادہ کی اپنی سیاسی زندگی میں ملک کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مکھرجی کو جمہوریت کی اصل روح کے پرستار قرار دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ وہ پرنب دا کے نام سے مشہور تھے اور ان کا خیال تھا کہ آئین محض ایک دستاویز نہیں ہے بلکہ ملک کی ترقی میں سرگرم کردار ادا کرنا کا ایک گر ہے۔ انہوں نے متعدد کتابیں لکھیں ہیں جو ملک کی جمہوریت کو آگے بڑھانے میں آئندہ نسلوں کی رہنمائی کریں گی۔