نئی دہلی، (یو این آئی) دہلی میونسپل کارپوریشن کے لئے میئر، ڈپٹی میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب مسلسل تیسری بارٹل گیا اور ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
دہلی میونسپل کارپوریشن میں پیر کو ہنگامہ آرائی کی وجہ سے میئر کا انتخاب ملتوی کرنا پڑا۔ فی الحال ایوان کی کارروائی اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلے، دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کے لیے پیر کو ایک بار پھر قواعد شروع ہوئی۔ ایوان کا اجلاس شروع ہوتے ہی پریذائیڈنگ آفیسر ستیہ شرما نے اعلان کیا کہ میئر، ڈپٹی میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب ایک ساتھ ہوگا اور اس میں نامزد ارکان بھی ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔ ووٹنگ میں حصہ لینے کے لیے نامزدگیوں کے اعلان کے بعد عام آدمی پارٹی نے ہنگامہ شروع کر دیا۔
بی جے پی اور اے اے پی ارکان کی نعرے بازی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دس منٹ کے لیے ملتوی کی گئی۔ ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر بھی ہنگامہ شروع ہو گیا جس کے باعث ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ کارپوریشن کے 250 وارڈوں میں ہوئے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 15 سال سے دہلی میونسپل کارپوریشن میں قابض بی جے پی کو شکست دے کر 134 وارڈوں میں جیت درج کی تھی جبکہ بی جے کو 104 وارڈوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اس بار کانگریس کے نو کونسلر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ تین آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
اس سے قبل 6 جنوری کو دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے انتخاب سے قبل کارپوریشن کونسلرزکی حلف برداری کی تقریب میں زبردست ہنگامہ ہوا، جس کے باعث ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔ ایوان کا اجلاس دوسری مرتبہ 24 جنوری کو ہوا جس میں کونسلرز نے حلف اٹھایا لیکن میئر کا انتخاب ہنگامہ آرائی کی نذرہوگیا۔