جموں، (یو این آ ئی) جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں ہے جب تمام کشمیری پنڈت اپنے گھر واپس لوٹیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جن کشمیری پنڈت ملازمین نے ڈیوٹی جوائن کی اُن کی اجرتیں واگزار کی گئی ہیں۔
ان باتوں کا اظہار منوج سنہا نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب تمام کشمیری پنڈت اپنی آبائی سرزمین پر لوٹیں گے
ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ پی ایم پیکیج کے تحت کام کرنے والے جن ملازمین نے کشمیر میں ڈیوٹی جوائن کی اُن کی تنخواہیں واگزار کی گئیں ہیں۔
اُن کے مطابق کشمیری پنڈت ملازمین کو معقول سیکورٹی فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ سری نگر کے پانتھ چوک علاقے میں ایک یاتری نواس تعمیر کیا گیا اور اس سے اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔
بتادیں کہ کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے بعد بعض کشمیری پنڈت ملازمین جموں منتقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پچھلے کئی مہینوں سے کشمیری پنڈت ملازمین جموں میں احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز بھی کشمیری پنڈت ملازمین نے جموں میں اجرتوں کی واگزاری کو لے کر احتجاجی دھرنا دیا۔
جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کشمیری پنڈت ملازمین کو یقین دلایا کہ اُن کے سبھی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی لیکن کشمیری پنڈتوں کا کہنا ہے کہ سرکار اُن کی جائز مانگوں کو پورا نہیں کر رہی ہیں۔
کشمیری پنڈت ملازمین کے مطابق کشمیر میں جب حالات پوری طرح سے معمول پر آئیں گے تو وہ وہاں پر اپنے فرائض انجام دینے کے لئے تیار ہیں فی الحال سوشل میڈیا سائٹوں پر دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں جس کے پیش نظر کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں کے دفاتر کے ساتھ منسلک کیا جانا چاہءے۔
جموں وکشمیر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعینات سبھی کشمیری پنڈت ملازمین نے ڈیوٹی جوائن کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سرکار نے کشمیری پنڈت ملازمین کے سبھی جائز مسائل کو حل کیا ۔