ناانصافی کی تاریکی بڑھ چکی، انصاف کی روشنی تلاش کریں گے: سونیا

0

جے پور (ایجنسیاں): کانگریس پارٹی کی جانب سے گزشتہ روز ’نیائے پتر‘ کے نام سے انتخابی منشور جاری کیا گیا، جسے پارٹی کے اہم لیڈران کی موجودگی میں راجستھان کی راجدھانی جے پور میں منعقدہ ایک جلسہ عام کے دوران عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔ جلسہ عام میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت متعدد اہم لیڈران موجود رہے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ ہر طرف ناانصافی کے اندھیرے بڑھ چکے ہیں، ہم اس کے خلاف لڑیں گے اور انصاف کی روشنی تلاش کریں گے۔ بدقسمتی سے آج ہمارے ملک میں ایسے رہنما برسراقتدار ہیں جو جمہوریت کو پامال کر رہے ہیں۔ آج جمہوریت خطرے میں ہے۔ جمہوری اداروں کو توڑا جا رہا ہے، یہی نہیں ہمارے آئین کو بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ سب آمریت ہے اور ہم سب اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’آج یومیہ آمدنی سے کھانے پینے کا سامان جمع کر پانا مشکل ہے۔ رسوئی کی بڑھتی مہنگائی نے ہماری ماؤں بہنوں کے سامنے مشکل کھڑی کر دی ہے۔

کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ مودی جی کہتے ہیں ملک کی ترقی ہوئی ہے، دراصل کانگریس نے جو 55 سال میں کیا ہے مودی جی اس کا حساب دے رہے ہیں۔لوک سبھا انتخاب کی تاریخ جیسے جیسے قریب آتی جا رہی ہے، سیاسی لیڈروں کا حملہ اپنے مخالفین پر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ ہفتہ کے روز کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے جئے پور میں منعقد ہوئی کانگریس کی عظیم الشان ریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر نشانے پر لیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی کے پاس گاندھی فیملی کو گالی دینے کے علاوہ کوئی کام نہیں بچا ہے۔ملکارجن کھرگے نے کہا کہ مودی جی کہتے ہیں کہ انھوں نے ملک کی ترقی کی ہے، لیکن وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ان کی گارنٹی میں کوئی دَم نہیں ہے، ان کی گارنٹی صرف جھوٹ بولنے کی ہے۔ مودی جی ہمیشہ لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ کانگریس نے جو کچھ 55 سال میں کیا، اسے وہ اپنا بتاتے ہیں۔ مودی جی صرف گاندھی فیملی کو گالی دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔کھرگے نے مزید کہا کہ اندرا گاندھی نے پاکستان کے دو ٹکڑے کر دیے تھے۔ چین والے ہندوستان میں داخل ہو کر دھیرے دھیرے قبضہ کر رہے ہیں، شہر کا نام بدل رہے ہیں لیکن وہ خاموش ہیں۔

’مودی کی گارنٹی‘ نعرہ پر کھرگے نے کہا کہ گارنٹی لفظ تو ہمارا ہے، مودی نے اسے چرا لیا۔ جس ’گارنٹی‘ لفظ کا استعمال ہم نے ہماچل اور کرناٹک میں کیا، اس کو نافذ کر کے بھی دکھایا۔ لیکن مودی جی اب اس گارنٹی لفظ کا استعمال کر لوگوں کو جھوٹ بول رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سی پی آئی (ایم)کے کھاتے منجمد کردیے گئے: یچوری

کانگریس صدر نے پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی وزیر اعظم ہیں تو جھوٹ بول سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کی گارنٹی دی لیکن کیا انھوں نے 2 کروڑ ملازمتوں کی گارنٹی کو پورا کیا؟ انھوں نے بیرون ملک سے بلیک منی لا کر ملک کے لوگوں کو دینے کا وعدہ کیا تھا، کیا انھوں نے 15 لاکھ روپے لوگوں کے اکاؤنٹ میں ڈالے؟ کسانوں کی آمدنی بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، کیا ایسا ہوا؟ مودی جی جھوٹوں کے سردار ہیں۔ جس نے اپنی گارنٹیوں کو پورا نہیں کیا، اسے ووٹ لینے کا بھی حق نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS