وی ایچ پی نے جاری کیا متنازعہ بیان،کہا احتجاج نہیں رکے تو اچھا نہیں ہوگا 

0

نئی دہلی:وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی )نے شہریت قانون کے خلاف ہو رہے احتجاج پر متنازعہ بیان دیا ہے۔ وی ایچ پی کے قومی سکریٹری جنرل ملند پرانڈے  نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ’شہریت ترمیمی قانون کے خلاف کیے جارہے  مبینہ احتجاج کی آڑمیں پرتشدد وارداتیں ملک بھر میں ہورہی ہیں، جو اب ناقابل برداشت بنتی جارہی ہیں ۔‘’جھارکھنڈ کے لوہر دگا جیسے علاقوں میں ہندوؤں پر سرے عام جان لیواحملے ہورہے ہیں،راجدھانی دہلی بھی تشدد سے نہیں بچی ۔ان مبینہ مظاہروں کی وجہ سے دہلی میں جگہ جگہ لاکھوں لوگوں کے ذریعہ اہم سڑکوں اور پارکوں پر غیر قانونی طریقہ سے نہ صرف قبضے ہورہے ہیں، بلکہ مسلم اکثریتی علاقوں میں غیر مسلموں کا جینا مشکل ہوگیاہے ۔‘جس قانون کا کسی بھی ہندستانی کمیونٹی کی شہریت سے کوئی لینا دینا ہی نہیں ہے، اس کے نام پر کانگریس سمیت کچھ دیگر اقلیتوں کی نازبرداری کرنے والی سیاسی پارٹیاں اور ہندمخالف طاقتیں  عوام کو گمراہ کرنے کا ایک خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں، جسے بلاتاخیر روک کر انکے خلاف سخت کارروائی کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اگر یہ تشدد نہیں رکا تو ہندو سماج  کے صبر ٹو ٹ جائیگا۔ پرانڈے نے دہلی کے شاہین باغ اور خوریجی کا ذکر کرتے ہوئے  کہاکہ’ایک طرف شاہین باغ میں پچھلے سواماہ سے یوپی سے جوڑنے والی اہم شاہراہ کو روک کر وہاں ہندوؤں اور ملک کے خلاف نعرے لگاکر لوگوں کو اکسا یاجارہاہے تو خوریجی کے ویویکا نند آشرم پر پتھراؤ کےساتھ اسکے آس پاس ڈی ڈی اے پارک کی سرکاری زمین پر رازدارانہ طریقہ سے مسجد کی تعمیر کا کام کیاجارہاہے ۔اسے جلد ازجلدروکا جانا انتہائی ضروری ہے ۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS