گرجا گھروںکو قمقموں سے سجایا گیا،کووڈ19کی رہنما ہدایات کے پیش نظر مذہبی وثقافتی تقاریب کا آن لائن انعقاد
محمدغفران آفریدی
نئی دہلی(ایس این بی) : عیسائی مذہب کاعظیم تہوار حضرت عیسی مسیح کا یوم پیدائش کرسمس ڈے پورے ملک میں بڑی عقیدت واحترام وامن وامان کے ساتھ منایا گیا ۔حکومت کی جانب سے کووڈ . 19کی رہنما ہدایات کی وجہ سے کرسمس کے پر مسرت موقع پرگرجا گھروں کو سجایا تو گیا ،لیکن آمد ورفت پر پابندی رہی، کیو نکہ ایک دن قبل انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کا نیا اومیکرون کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے جشن منا نے یا تقاریب منعقدکر نے کی اجازت نہیں تھی، جس وجہ سے عیسائی بھائیوںنے سماجی دوری ، ماسک،سینی ٹائزیشن کو دھیان میں رکھتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی ایک دوسرے کوکیک کھلا کرمبارکباد پیش کی، ساتھ ہی اخوت ومحبت کے تئیںاظہار کیا۔ واضح رہے کہ پچھلے سال بھی کورونا وبا کے سبب کرسمس کا جشن نہیں منایاجاسکاتھا،جس کی وجہ سے چرچوں میں خاموشی چھائی رہی۔ اس سلسلے میں سیکرڈ ہارٹ کھیتھدرل چرچ (گولخانہ)چرچ کے فادر ڈاکٹر اجیت پیٹرک نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتوں سے دارالحکومت میںکرسمس کے دن کیلئے چھوٹے وبڑے چرچوں میں پچھلے دنوں سے بڑی زور وشور سے تیاریاں چل رہی تھیں، گرجا گھروں کو خاص انداز او رایکس میس ٹری سے سجایاگیا تھا،مگر اچانک سے انتظامیہ نے مذہبی اور ثقافتی تقریبات پر پابندی عائد کردی ، جس کی وجہ سے عیسائی مذہب کے ماننے والوں میں کافی مایوسی ہے،کیو نکہ عیسائی حضرات کرسمس کاتہوار بڑی عقیدت ومحبت کے ساتھ مناتے ہیں،حالانکہ جو چرچوں میںعبادتیں ہوئی ،وہ سب ورچوئل یعنی آ ن لائن کی جارہی ہے ۔ ڈاکٹر اجیت پیٹرک نے کرسمس کی تاریخ کے حوالے سے بتایا کہ تاریخی طور پرکرسمس بڑادن کے طورپرمیںمنایاجاتاہے،بارہویںشب یعنی 24دسمبر کی رات یہ تہوار دھوم دھام اور عقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پرگرجا گھروں میں عیسائی حضرات خصوصی دعائوں کا اہتمام کرتے ہیںنیز ایک دوسرے کو کیک کھلا تے ہیں نیز ایک دوسرے کوگلے لگا کر محبت کے ساتھ مبارکباد پیش کرتے ہیںاور عیسی مسیح سے اپنے والہانہ عشق کااظہارکرتے ہیںاور شمع جلا کر اپنے مرحومین کوبھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم مانتے ہیں کہ 24دسمبرکی رات انسانوں کے پورے سال کی تقدیر کے فیصلہ ہوتے ہیں،اسی لئے اس شب میں خدا کویاد کرتے ہیں اور خصوصی دعا بھی کرتے ہیں۔وہیں دارالحکومت میں کرسمس کے تہوار کے موقع پر بازاروں میں مختلف اقسام کے کیک کی خوب فروخت ہوئی ، دکانداروں کے مطابق چاکلیٹ کیک،ڈرائی فروٹ کیک، آئیسنگ کیک، فری کیک فروٹ سمیت مختلف قسم کے کیک کی جم کر خریداری ہوئی۔اس کے علاوہ کرسمس کے موقع پر بڑی بڑی مارکیٹوں وشاپنگ مالوں کو خوبصورت لائٹوں سے سجایا گیا، نیز خریداروں کیلئے پروڈکٹ پرڈسکائونٹ بھی دئے گئے نیز متعدد قسم کے کیک اور ایکس میس ٹری بھی لگائے گئے ،ساتھ ہی سانتا کلوز کی لباس کی بھی خوب فروخت ہوئی ۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS