جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں منگل کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی تصادم آرائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترال کے سیمو علاقے میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جاری تصادم آرائی میں اب تک ایک جنگجو ہلاک ہوا ہے جبکہ ایک اور جنگجو ابھی بھی پھنسا ہوا ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کا تعلق غالباً انصار غزوۃ الہند نامی جنگجو تنظیم سے ہے۔
قبل ازیں جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کے 42 آر آر، سی آر پی ایف کی 180 بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے ترال کے سیمو علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا۔
اس دوران تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں پناہ لئے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم شروع ہوا۔