وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے خانصاحب علاقے میں سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کی صبح لشکر طیبہ نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ 5 اعانت کاروں کو گرفتار اور ملی ٹنٹوں کی ایک کمیں گاہ سے اسلحہ اور قابل اعتراض مواد بر آمد کیا ہے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ اطلاع موصول ہونے پر بڈگام پولس، 53 آر آر اور 153 بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف کی ایک ٹیم نے خانصاحب کے آری زال گاؤں سے آپریشن کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ ظہور وانی نامی ایک اعانت کار کو گرفتار کیا۔
پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ اعانت کار سے پوچھ تاچھ کے بعد ملی ٹنٹوں کی ایک کمیں گاہ کا سراغ ملا جہاں سے اسلحہ کے علاوہ مختلف قسم کے قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیے گئے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران سیکورٹی فورسز نے مزید چار ملی ٹنٹ اعانت کاروں کو گرفتار کیا جن کی شناخت یونس میر، اسلم شیخ، پرویز شیخ اور رحمان لون ساکنان خانصاحب بڈگام کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے اعانت کاروں کا یہ گروپ اس علاقے میں گزشتہ کئی ماہ سے سرگرم تھا۔ دریں اثنا اس ضمن میں پولس اسٹیشن خانصاحب میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔