یوم ہندی کے موقع پرمختلف لیڈروں کی باتیں، جانیں کس نے کیا کہا؟

0
Image: The Quint

نئی دہلی، (یو این آئی): وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندی دیوس کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ہندی مسلسل مضبوط شناخت بنا رہی ہے۔منگل کو ایک ٹویٹ پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ’’آپ سبھی کو ہندی دیوس پربہت بہت مبارکباد۔ ہندی کو ایک اہل زبان بنانے میں مختلف شعبوں کے لوگوں نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ آپ کی تمام کوششوں کا نتیجہ ہے کہ عالمی سطح پر ہندی مسلسل اپنی مضبوط شناخت بنا رہی ہے۔
منگل کو مسٹر شاہ نے ہندی دوس کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ’’ہندی دوس کے موقع پر ، میں تمام ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی مادری زبان کے ساتھ سرکاری زبان ہندی کو بتدریج استعمال کرنے کا عہد کریں‘‘۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا،’ایک زبان کی سمجھ بڑھانے کے لیے دیگر زبانوں کا علم بھی بڑھانا ہوگا۔ یوم ہندی ۔‘
جب کہ مسٹر نڈا نے کہا کہ ہندوستان کی سرکاری زبان ہونے کے علاوہ ہندی ملک کی ثقافت اور روایت کی شناخت بھی ہے۔ انہوں نے کہا ’’آئیے ہم سب دیگر ہندوستانی زبانوں کے ساتھ قومی یکجہتی کی علامت ہندی کا استعمال کرتے ہوئے قوم کی ترقی میں اپنا اہم تعاون دیں‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ 14 ستمبر کو ملک بھر میں ہندی دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہندی کو 14 ستمبر 1949 کو سرکاری زبان کا درجہ ملا ، تب سے ہر سال یہ دن ‘ہندی دیوس’ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS