طالبان نے تین ماہ کے لئے جنگ بندی کی پیش کش کی

0
Arab News

کابل : (یو این آئی) افغانستان میں جاری تشدد اور طالبان کے بڑھتے ہوئے دبدبے کے درمیان طالبان نے کچھ شرطوں کے ساتھ تین ماہ کے لئے جنگ بند ی کی پیش کش کی ہے۔ جن میں طالبان کی رہائی اور اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے نام حذف کرنے کا شرط شامل ہے۔
افغانستان کے دو سو سے زائد اضلاع اور کچھ اہم سرحدی شاہراہوں پر قابض ہونے کے باوجود طالبان نے افغان حکومت کو اہم تجویز پیش کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان مذاکرات کار نادری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ طالبان نے تین ماہ کی جنگ بندی کا پلان دیا ہے،جس میں وہ چاہتے ہیں کہ افغان حکومت ان کے سات ہزار قیدیوں کو رہا کرے، اس کے علاوہ طالبان رہنماؤں کے نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے ہٹائے جائیں۔
دوسری جانب افغان مذاکرات کار کا کہنا ہے کہ یہ بڑا مطالبہ ہے، ہم نے پہلے بھی پانچ ہزار طالبان کورہا کیا جس سے صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید کشیدہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل طالبان کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان کا 85 فیصد سے زائد علاقہ اُن کے زیر اثر آچکا ہے، طالبان کی پیش قدمی اور کارروائیوں کے بعد افغان شہری کابل کا رخ کرنے لگے جبکہ اس لڑائی میں عام شہری کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک روانگی کی کوششیں کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS