دلچسپ ہوگا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ

0

سڈنی(یو این آئی) : محنت سے زیادہ قسمت کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان، بدھ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا سیمی فائنل میچ 9 نومبر کو دوپہر 1.30 بجے کھیلا جائے گا۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے پاکستان کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے لیکن ورلڈ کپ میں اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نیوزی لینڈ کے خلاف اس کا راستہ آسان نہیں ہوگا۔ اب تک کھیلے گئے تمام ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ساتواں مقابلہ ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اب تک کے میچوں میں پاکستان نے کیوی ٹیم کے خلاف چار مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دو مرتبہ اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے ۔
جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے عین قبل گھر پر نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیتنے والی بابر کی ٹیم پہلے ہی نفسیاتی برتری حاصل کر چکی ہے ۔ سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم اس کا فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ہفتے کی شام تک تاریک رہے لیکن اتوار کی صبح نے ان کے لیے امید کی کرن روشن کر دی جب نیدرلینڈز نے زبردست الٹ پلٹ کرتے ہوئے مضبوط جنوبی افریقہ کو 13 رن سے شکست دی۔ اب صرف پاکستان کے لیے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا باقی تھا اور بابر اعظم کی ٹیم، جسے اہم میچ جیتنے کی عادت ہے ، نے اسے ممکن بنایا۔
پاکستان کی موجودہ ورلڈ کپ مہم کا آغاز اس وقت مایوس کن انداز میں ہوا جب ٹیم کو اپنے روایتی حریف ہندوستان کے ہاتھوں شکست کے بعد کمزور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد اس کے ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے کے امکانات مزید گہرے ہو گئے لیکن ٹیم نے اگلے تین میچوں میں جیت کے ساتھ زبردست واپسی کی سیمی فائنل میں پہنچنے والی پاکستانی ٹیم اب خطاب کی مضبوط دعویدار سمجھی جا رہی ہے ۔
پاکستان کی کارکردگی کا دارومدار فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کی قیادت والی مضبوط باؤلنگ اٹیک پر منحصر ہوگی ۔ وہیں اب تک چیلنجنگ اسکور بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے مڈل آرڈر بلے باز شان مسعود، افتخار احمد اور شاداب خان ایک بار پھر شائقین سے شائقین کی امیدیں وابستہ ہوں گی۔ اگر کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی ٹیم کو تیز اور بڑا آغاز دلانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو پاکستانی ٹیم کی راہیں آسان ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب کین ولیمسن کی ٹیم پاکستان کو ورلڈ کپ کی شاندار ٹرافی اٹھانے سے صرف دو قدم کے فاصلے پر ناکام بنانے کے لیے اپنا سب کچھ جھونکنے کے لیے تیار ہو گی۔ کیوی ٹیم کا موجودہ ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر شاندار رہا ہے اور اگر ولیمسن کے فائٹرز اپنی فارم برقرار رکھ پاتے ہیں تو ان سے نمٹنا پاکستان کے لئے قطعی آسان نہیں ہوگا ۔
اعداد و شمار کی بات کی جائے تو دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 28 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوئے ہیں جن میں پاکستان نے 17 اور نیوزی لینڈ نے 11 جیتے ہیں۔ یہاں یہ بات دلچسپ ہے کہ نیوزی لینڈ نے ان 11 میں سے آٹھ میچ اپنے گھر پر جیتے ہیں جب کہ پاکستانی ٹیم کیوی ٹیم سے دس میچ اپنے گھر سے باہر جیتی ہے ۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم: فن ایلن، ڈیون کانوے (وکٹ کیپر)، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، لاکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ۔
پاکستان ٹیم : محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم (کپتان)، محمد نواز، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، محمد وسیم، نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS