یوم جمہوریہ تشد معاملہ میں سپریم کورٹ نے گرفتاری پر روک لگائی

0

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 26 جنوری کے تشدد کے دوران ٹوئٹ کرکے مبینہ طور پر لوگوں کو گمراہ کرنے کے معاملے میں درج ایف آئی آر میں ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور،راج دیپ سردیسائی اور دیگر کی گرفتاری پر روک لگادی ہے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں اتر پردیش، مدھیہ پردیش، ہریانہ، دہلی اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا ہے۔ معاملہ کی اگلی سماعت دو ہفتہ بعد ہوگی۔اس معاملہ میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور، صحافی راج دیپ سردیسائی، مرنال پانڈے، ظفر آغا اور دیگر صحافیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور ان پر ملک سے دشمنی کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ اس معاملہ کی سنوائی آج تین ججوں کی بنچ نے کی جس میں چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے، جسٹس بوپنہ اور جسٹس وی سبرامنیم تھے۔واضح رہے کہ دہلی میں 26 جنوری کو کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہوئے تشدد کے سلسلے میں نوئیڈا پولیس نے کانگریس رکن پارلیمنٹ اور 6 صحافیوں سمیت 8 لوگوں کے خلاف ملک سے بغاوت اور دیگر الزامات کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ نوئیڈا کے سیکٹر 20 تھانہ میں یہ معاملہ ایک سماجی کارکن کی شکایت پر درج کیاگیا تھا۔اس کے علاوہ ملک کی الگ الگ ریاستوں میںبھی ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ اس کے خلاف ششی تھرور اور 6 صحافیوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS