نئی دہلی (یو این آئی): سپریم کورٹ نے کیرالہ اسمبلی سے منظور شدہ بلوں کو منظور کرنے میں غیر معینہ تاخیر کے معاملے میں پیر کو گورنر آفس اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے کیرالہ حکومت کی طرف سے دائر رٹ پٹیشن پر مرکزی حکومت اور گورنر کے پرنسپل سکریٹری سے جواب طلب کیا۔ بنچ نے اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمانی سے بھی کہا کہ وہ عدالت کی مدد کریں۔
کیرالہ حکومت نے ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ گورنر اسمبلی سے منظور شدہ بلوں کی منظوری میں غیر معینہ مدت تک تاخیر کر رہے ہیں۔ کیرالہ حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کے کے وینوگوپال نے بنچ کو بتایا کہ8 بلوں میں سے کچھ 7ماہ اور کچھ 3 سال سے زیر التوا ہیں۔سپریم کورٹ اس معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کو کرے گی۔خیال رہے کہ پنجاب اور تمل ناڈو کے بعد کیرالہ اپوزیشن کی حکمرانی والی تیسری ریاست ہے جس نے اس معاملے پر سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔
تلنگانہ حکومت نے بھی اپریل میں اسی طرح کی درخواست دائر کی تھی۔اپنی عرضی میں کیرالہ حکومت نے عدالت عظمیٰ سے یہ اعلان کرنے کی مانگ کی کہ آئین کے آرٹیکل 200کے تحت صوابدیدی اختیار کا استعمال کیے بغیر بلوں کو غیر معینہ مدت تک روک دینے کا گورنر کا اقدام حکومت کے اصولوں اور جمہوری آئینیت اور وفاقیت کے خلاف ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اسمبلی کے ذریعے منظور کیے گئے اور آئین کے آرٹیکل 200کے تحت گورنر کو منظوری کیلئے پیش کیے گئے 8 بل زیر التوا ہیں۔
ان میں سے3 بل 2 سال سے زائد عرصے سے جبکہ 3ایک سال سے زائد عرصے سے زیر التوا ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’گورنر کا طرز عمل (اراکین اسمبلی کے بارے میں فیصلہ نہ لینا) سے ہمارے آئین کے بنیادی اصولوں اور بنیادی بنیادوں بشمول قانون کی حکمرانی اور جمہوری گڈ گورننس کو پامال اور تباہ کرنے کا خطرہ ہے‘۔ اس کے علاوہ ریاست کے لوگوں کے فلاحی اقدامات پر جو عمل کیا جا رہا ہے، ان کے حقوق کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔عرضی میں کہا گیا کہ ’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گورنر کا ماننا ہے کہ بلوں کی منظوری یا بصورت دیگر ان سے نمٹنا ان کی صوابدید پر منحصر ہے اور وہ جب چاہیں فیصلہ کر سکتے ہیں‘۔پٹیشن میں کہا گیا کہ یہ آئین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔
مزید پڑھیں: زیر تعمیرسرنگ میں پھنسے مزدوروں کواب تک نہیں نکالا جا سکا
درخواست میں کہا گیا کہ بلوں کو طویل اور غیر معینہ مدت تک زیر التوا رکھنے میں گورنر کا طرز عمل بھی واضح طور پر من مانی اور آئین کے آرٹیکل 14کی خلاف ورزی ہے۔ مزید برآں، یہ ریاست کیرالہ کے لوگوں کو فلاحی قانون سازی کے فوائد سے محروم کرکے آئین کے آرٹیکل 21کے تحت ان کے حقوق کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔