لندن : سابق فلسطینی صدر یاسر عرفات کی بیوہ اسرائیلی ٹی وی پر نظر آئیں۔ سُہا عرفات نے اپنے انٹرویو میں فلسطینی اتھارٹی کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر فلسطینی اتھارٹی نے مجھے یا میرے خاندان کے کسی فرد کو نقصان پہنچایا تو اتھارٹی کے افراد کے لیے جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کے سابق صدر یاسر عرفات کی بیوہ سُہا عرفات نے ایک اسرائیلی ٹی وی چینل پرنمودار ہو کر انکشاف کیا ہے کہ انہیں فلسطینی اتھارٹی کے عہدے داران کی جانب سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ دھمکیاں انسٹاگرام پر سُہا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ کرنے کے بعد سامنے آئی ہیں۔ اس بلاگ میں یاسر عرفات کی بیوہ نے امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات استوار ہونے کے بعد فلسطینی عوام کی طرف سے متحدہ عرب امارات سے معذرت کی تھی۔
اسرائیلی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں سُہا نے دھمکی دی ہے کہ اگر فلسطینی اتھارٹی نے انہیں یا ان کے خاندان کے کسی فرد کو نقصان پہنچایا تو اتھارٹی کے افراد کے لیے جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔ اسرائیلی ٹی وی پر پہلی مرتبہ اپنی آواز کے ساتھ ظاہر ہونے والی سُہا عرفات نے بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی نے ان کے خاندان کے لوگوں کو تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔
سُہا عرفات کے بھائی غابی الطویل کو جو قبرص میں فلسطینی سفیر ہیں، رام اللہ طلب کر کے ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ غابی نے سفارت خانے کی عمارت میں امارات مخالف سرگرمیوں کا انتظام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ سہی نے استفسار کیا کہ کیا یہ لوگ یاسر عرفات کے گھرانے کو برباد کرنا چاہتے ہیں، ہم ان سے زیادہ طاقت رکھتے ہیں۔ سہی نے خبردار کیا کہ اگر فلسطینی اتھارٹی کے سینئر عہدے داران نے ان کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی تو وہ ان باتوں کا انکشاف کر دیں گی جو ان کے پاس موجود یاسر عرفات کی یادداشتوں میں ان عہدے داران کے بارے میں تحریر ہیں۔
سُہا کے مطابق اس کا تھوڑا سا حصہ نشر کرنا ہی ان لوگوں کے لیے جہنم کے دروازے کھول دے گا۔ عرفات کی بیوہ نے چینل کے ساتھ ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا کہ میں ان لوگوں کو فلسطینیوں کے سامنے جلا کر راکھ کر دوں گی۔ سُہا نے انکشاف کیا کہ ان کو بدنام کرنے کی مہم کے پیچھے خاتون عہدے دار انتظار ابو عمارہ کا ہاتھ ہے۔ یہ صدر محمود عباس کے دفتر کی ڈائریکٹر ہیں۔ سہی نے فلسطینی صدر محمود عباس سے اپیل کی کہ وہ انہیں تحفظ فراہم کریں ۔
یاسر عرفات کی بیوہ سُہا نے اسرائیلی ٹی وی پر کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے ان کو دھمکی مل رہی ہے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS