صوبائی سطح کے مقابلہ میں دارالعلوم فیض محمدی کے طلباء نے ماری بازی

0

مہراج گنج (نمائندہ) گذشتہ دنوں میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج گورکھپور کی” سیرت کمیٹی،، کے زیراہتمام صوبائی سطح کے منعقدہ مسابقہ میں اسلامی کوئز میں پہلی پوزیشن دارالعلوم فیض محمدی کے طالب علم محمد جمشید ( عالیہ اولیٰ) تقریر میں تیسری پوزیشن محمد فرحان( ثانویہ ثانیہ) اور نعت خوانی میں، مین آف دی مقابلہ عبداللہ( عالیہ ثانیہ) نے امتیازی مقام حاصل کرکے ادارہ کا نام روشن کیا ہے۔ جس پر ارباب مدرسہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

مسابقہ میں جیت کر واپسی کے بعد آج دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڈھ کے سبزہ زار پر فاتح ٹیم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ پروگرام رکھا گیا، جس کی صدارت سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض مفتی احسان الحق قاسمی نے انجام دیئے۔

سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے صوبائی سطح کے مقابلے میں نمایاں کامیابی پر نہ صرف مبارکباد پیش کی، بل کہ تمام پوزیشن لانے والے طلباءکی گل پوشی کرتے ہوئے انہیں نقدی انعامات سے بھی نوازا

آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس قسم کے پروگرام کے انعقاد سے قوم کے نونہالوں کی خوابیدہ صلاحیتو ں کو اجاگر کرنے کے علاوہ ان میں خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس لئے ہم جلسہ سیرت النبی کے کنوینر و ہر دل عزیز پرنسپل ظفر احمد خان وان کے جملہ رفقاء کار کا تہ دل سے شکریہ اور مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

آپ نے طلبہ کو ٹپس دیتے ہوئے کہا کہ : وقتی کامیابی پر خوشی کے اظہار سے اچھا یہ ہے کہ آپ اپنے اندر دائمی صلاحیت ولیاقت پیدا کرنے کی کوشش کریں ، تاکہ ہر میدان میں آپ فتح وکامرانی کا علم بلند کرسکیں، سربراہ اعلیٰ نے اپنی پر تاثیر خطاب کے ذریعہ طلباءکے اندر بلندیوں کو چھونے اور انہیں ہر میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشتے ہوئے ، ان کے دلو ں میں اُمنگ پیدا کرنے کی کوشش کی، اور فاتحین کی حسن کارکردگی پر اپنی نیک تمناوں کااظہار کیا۔

استقبالیہ پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا جمال احمد قاسمی، ناظم مدرسہ فیض العلوم برنہوا،نے ادارہ کے طلباءکو صوبائی سطح کے مقابلہ میں نمایاں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے اس پر آشوب دور میں جب کہ نوجوانوں کو اپنی متاع علم وفن کو زمانہ کی دست برد سے بچانا مشکل ہورہا ہے ، ایسے وقت میں میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج کا سالانہ سیرت پاک، و علاقائی اور صوبائی سطح کے مقابلہ جاتی پروگرام کا انعقاد، بلاشبہ قوم کے نونہالوں میں علمی رجحان اور اسلامی جذبہ پیدا کرنا کسی عبادت عظمیٰ سے کم نہیں ہے ۔

دارالعلوم کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے مسابقہ کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ، مسابقہ سے جہاں طلبہ کی صلاحیتیں نکھرتی ہیں، وہیں ارباب مدارس کو اس کا بھی علم ہوتا ہے کہ کس مدرسہ وادارہ میں کس معیار کی تعلیم دی جارہی ہے،آپ نے پوزیشن لانے والے طلباء کو مڈل پہناکر، مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ، ان طلباء نے ادارہ کی دیرینہ روایت کو برقرار رکھا، اور کامیابی حاصل کرکے اپنا اور ادارہ کا نام روشن کیا ہے۔

اس موقع پر ناظم تعلیمات مولانا محمد انتخاب ندوی، ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، مولانا محمد سعید قاسمی، مولانامحمد صابر نعمانی، مولانا شکراللہ قاسمی ، مولانا القمرقاسمی،مولانامحمد انتخاب ندوی ، ماسٹر محمد عمر خان ، ماسٹر فیض احمد ، ماسٹر جاوید احمد، حافظ ذبیح اللہ ، ماسٹر صادق علی، ماسٹر شمیم احمد وغیرہ موجودتھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS