جشن یوم جمہوریہ کی مناسبت سے دارالحکومت میں سخت حفاظتی انتظامات

0

نئی دہلی: جشن یوم جمہوریہ کی تقاریب کی مناسبت سے دارالحکومت دہلی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دہشت گردانہ حملے کے خدشات کے پیش نظر چپہ چپہ پر سیکورٹی فورسز کو تعینات کرکے دارالحکومت کو قلعہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نئی دہلی کے پولیس ڈپٹی کمشنر ایش سنگھل نے بتایا کہ حفاظتی انتظامات پختہ کرنے کیلئے پریڈ کے آس پاس کے علاقوں کو 25 زون میں تقسیم کیا ہے اور ہر زون میں ایک پولیس ڈپٹی کمشنر یا ایڈیشنل  پولیس ڈپٹی کمشنر کی موجودگی میں نگرانی رکھی جائے گی۔ تقریب کے مہمان خصوصی برازیل کے صدر کے لئے ایک زون بنایا گیا ہے، جو ان کی حفاظتی انتظامات کی نگرانی کرے گا۔ سنگھل نے کہا کہ چہرہ پہچاننے والی مشینیں بھی لگائی گئی ہیں۔ اس میں کسی مشتبہ یا دہشت گرد کا چہرہ آتے ہی الارم بجنے لگے گا۔ مشتبہ لوگوں کا ڈیٹا اس مشین میں ڈالا گیا ہے اور اسی کی بنیاد پر چہرے کی شناخت کی جاتی ہے۔ مشین نے کل ایک شخص کو مشتبہ سمجھ کر الارم بجا دیا تھا اور اس کے بعد اس سے پوچھ گچھ کی گئی، لیکن بعد میں پتہ چلا کہ وہ مشتبہ نہیں تھا،جس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔ یوم جمہوریہ  کی تقریب میں تقریباً ایک لاکھ لوگوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔ دہلی پولیس کے 5 سے 6 ہزار جوان موقع پر موجود رہیں گے، باہری حصہ کی حفاظت کے لئے نیم فوجی دستوں کی 50 کمپنیاں تعینات کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS