لکھنؤ (پی ٹی آئی): لوک سبھا الیکشن کو ’لالچ سے پاک‘ یقینی بنانے اور تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام ضلع مجسٹریٹس اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کو جانبداری کرنے والے حکام کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ہفتہ کو لکھنؤ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے لیے یکساں مواقع یقینی بنانے اور جانبداری کرنے والے حکام کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے سبھی ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام ضلع الیکٹورل آفیسرز کو سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ درج کی گئی شکایت پر فوری کارروائی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ موجودہ وقت میں کوئی شکایت زیرالتوا نہیں ہے اور تمام مسائل کا حل اطمینان بخش طور پر کر دیا گیا ہے۔‘ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے ساتھ الیکشن کمشنر ارون گوئل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اترپردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نو دیپ رنوا بھی موجود تھے۔ چیف الیکشن کمشنر آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے جائزہ کے لیے 29فروری سے ریاست کی راجدھانی کے 3 روزہ دورے پر تھے۔ چیف الیکشن کمشنر نے حکام سے دھوکہ دہی کے معاملوں کی جانچ کرنے کیلئے بھی کہا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل سے متعلق فرضی اور دھوکہ دہی والی سرگرمیوں میں شامل لوگوں کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔ راجیو کمار نے کہا کہ ’اس بار ڈاک بیلٹ پیپرس کی گنتی پہلے ہوگی، ای وی ایم کی آمد و رفت سرکاری گاڑیوں میں ہونی چاہیے اور گاڑیوں کو جی پی ایس ٹریکنگ سے لیس کیا جانا چاہیے۔‘
مزید پڑھیں: بی جے پی اپنے امیدواروں کی اہلیت اور عزم پر غور نہیں کرتی: آتشی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابی ڈیوٹی پر تعینات ووٹروں کو ڈاک بیلٹ پیپر کے ذریعہ اپنا ووٹ ووٹر سہولت مرکز پر ڈالنا چاہیے۔ کمار نے کہا کہ ’انتخابی مبصرین کے نام اور نمبر عام کیے جائیں تاکہ سبھی تک اس کی رسائی ہو سکے۔‘ انہوں نے کہا کہ فرضی خبروں سے نمٹنے کے لیے ضلع سطح پر ایک سوشل میڈیا سیل بنایا جائے گا۔