جے پور :(یو این آئی) راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ریاست میں سی ایچ سی اور پی ایچ سی سطح پر کورونا علاج کی سہولیات کو جنگی سطح پر مستحکم بنایا جائے۔
مسٹر گہلوت منگل کی رات ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کووڈ انفیکشن ،لاک ڈاؤن اوروسائل کی دستیابی سمیت دیگر متعلقہ موضوعات پر اعلی سطحی بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل سی ایچ سی میں داخلی سہولیات،آکسیجن جنریشن پلانٹ لگانے، بچوں کی انتہائی نگہداشت یونٹ کا قیام وغیرہ کاموں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔ اس سے ہمیں کورونا کی دوسری لہر کے ساتھ تیسری لہر کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ کوویڈ مریضوں کو مقامی سطح پر مناسب علاج ملنے سے ضلعی اور ڈویژنل اسپتالوں پر دباؤ کم ہو گا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ جے پور سمیت جن اضلاع میں انفیکشن کی شرح زیادہ ہے وہاں مائیکرو کنٹنمنٹ زون کے نظام کو مزید مستحکم کیا جائے۔ ڈور ٹو ڈور سروے اور دوا کٹس کی تقسیم میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بڑے نجی اسپتالوں میں سلنڈروں کے ذریعہ آکسیجن فراہمی کی سہولت ہے۔ انہیں پائپ لائن کے ذریعہ لیکوڈ میڈیکل آکسیجن کی فراہمی اور خود کے آکسیجن جنریشن پلانٹ لگانےکے لئے حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔گہلوت نے کہا کہ کووڈ کے مریضوں میں بلیک فنگس کے متعدد معاملات سامنے آنا پریشان کن ہے۔ اس کے لئے اسپتالوں میں علاج کی خصوصی سہولیات دستیاب ہونی چاہئے۔ انہوں نے ان دوائیوں کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت کے اعلی عہدیداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی جانب سے آنے والے گردابی طوفان کے پیش نظر تمام اضلاع میں خصوصی انتظامات کرنے کے لئے آگاہ کیا ۔
اس موقع پر میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش گرگ نے کہا کہ لیب ٹیکنیشن اورریڈیوگرافر کی بھرتی کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ اس سے سی ایچ سی اور پی ایچ سی میں معقول پیرامیڈیکل عملہ دستیاب ہوسکے گا۔
سی ایچ سی اور پی ایچ سی تک جنگی سطح پر مضبوط ہوں طبی خدمات: گہلوت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS