جاپان اوپن:سری کانت کی جیت ، لکشیا اور سائنا مقابلے سے باہر

0

اوساکا(یو این آئی) : سابق عالمی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت نے بدھ کے روز جاپان اوپن میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مردوں کے سنگلز پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ ہم وطن لکشیا سین اور سائنا نہوال نے اپنے اپنے مقابلے ہارکر باہر ہوگئے ۔
سری کانت نے سپر 750 ٹورنمنٹ میں آل انگلینڈ چمپئن ملائیشیا کے لی زی جیا کو اسٹریٹ گیموں میں 22-20، 23-21 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ ٹاپ 16 راؤنڈ میں اب ان کا مقابلہ جاپان کے کانتا سونیاما سے ہوگا۔
سری کانت نے جیت کے بعد کہا، “یہ ایک قریبی میچ تھا جو کسی بھی طرف جا سکتا تھا، لیکن میں اپنے کھیل سے خوش ہوں۔ اتنے بڑے اسٹیج پر میچوں کو صحیح طرح سے ختم کرنا ضروری ہے کیونکہ ہر میچ مشکل ہونے والا ہے ۔”انہوں نے کہا کہ میں پہلے گیم میں 16-12 سے آگے تھا لیکن بعد میں ضرورت سے زیادہ پوائنٹس دینے کی وجہ سے 20-18 سے پیچھے چلا گیا۔ میں نے اپنے آپ کو سمجھایا کہ مجھے آسانی سے پوائنٹس نہیں دینا ہے ۔ جیت کر ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے اور اب میں واپس جاکرغوروخوض کروں گا کہ اپنے اگلے حریف کو کیسے شکست دوں۔”
دریں اثنا، کامن ویلتھ گیمز 2022 کے گولڈ میڈلسٹ لکشیا سین جاپان کے کینٹا نشیموٹو سے 21-18، 14-21، 13-21 سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ۔لندن اولمپک میڈلسٹ سائنا نہوال کو عالمی چمپئن جاپان کی اکانے یاماگوچی سے 9-21، 17-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مردوں کے ڈبلز میں ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا کی جوڑی کو کوریا کے چوئی سوئی گیو اور کم وون ہو کے ہاتھوں 21-19، 21-23، 15-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کامن ویلتھ گیمز کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی خواتین کی ڈبلز جوڑی ترشا جالی اور گایتری گوپی چند کو تھائی لینڈ کی جونگکولفن کٹیتھراکول اور رویندا پرجونگجائی کے ہاتھوں 21-17، 21-18 سے شکست ہوئی۔کرشنا پرساد گارگا اور وی وی پنجالا کی مردوں کی ڈبلز جوڑی دن کے آخری میچ میں فرانس کے کرسٹوف پوپوف اور ٹوما پوپوف سے 21-18، 21-17 سے ہار کر جاپان اوپن سے باہر ہو گئے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS