کولمبو (یو این آئی) :سری لنکا کے پاور سیکٹر ریگولیٹر نے منگل کو بجلی کی قیمتوں میں 75 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔سری لنکا کے پبلک یوٹیلیٹیز کمیشن ( پی یو سی ایس ایل) کے چیئرمین جنک رتنائیکے نے کہا کہ قیمتوں میں نظرثانی کا اطلاق 10 اگست سے ہوگا۔قیمتوں میں اضافے سے 30 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین کے بل میں اب 198 روپے کا اضافہ ہو جائے گا۔60 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے ماہانہ بجلی کے بل میں 200 روپے کا اضافہ ہو گا۔سیلون الیکٹرسٹی بورڈ نے اس سے قبل 90 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 276 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔پی یو سی ایس ایل نے قیمت کے اس حصے کے لیے 125 فیصد اضافے کو منظوری دی۔ ایک امریکی ڈالر 361 سری لنکن روپے کے برابر ہے ۔
دوسری جانب سری لنکا کی حکومت نے اقتصادی بحران سے متاثرہ ملک میں غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کیلئے سیاحوں کے لیے ایک سالہ کثیر المقاصد داخلہ ویزا اسکیم کو منظوری دے دی ہے ۔منصوبے کے مطابق سری لنکا میں جائیداد میں کم از کم 75,000 ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں پانچ سے 10 سال کے ویزوں کی اہل ہوں گی۔ کم از کم 20,000 ڈالر کی ماہانہ آمدنی کے ساتھ 60 سال سے زیادہ عمر کے غیر ملکی شہری بھی 10 سالہ ویزا کے اہل ہوں گے ۔مارچ کے شروع میں حکومت نے غیر ملکی شہریوں کے لیے کئی نئی طویل مدتی ویزا اسکیمیں شروع کی تھیں۔ اس کے تحت، سری لنکا کے بینک اکاؤنٹ میں کم از کم 100,000 ڈالر اور کم از کم 50,000 ڈالر جمع کرنے والے انفرادی سرمایہ کار کم از کم 10 سال کے لیے ‘گولڈن پیراڈائز’ ویزا کے اہل ہوں گے ۔