پھرکی میں پھنسی پروٹیز ، ہندستان نے سیریز 2-1 سے جیتی
نئی دہلی (یو این آئی) :ہندوستان نے اسپن گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد شبمن گل کی 49 رن کی اننگز کی بدولت منگل کو تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم 99 رن پر سمٹ گئی جس کے بعد ہندستان نے 100 رن کا ہدف 19.1 اووروں میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ہندستان کے لیے اسپنروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادیو نے چار جبکہ شہباز احمد اور واشنگٹن سندر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد سراج نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔
گل نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 57 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 49 رن بنائے ، حالانکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں اپنی چوتھی ففٹی سے محروم رہے اور ہدف سے صرف تین رن کی دوری پر آؤٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد شریاس ایئر نے چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
ہندستان نے ٹاس جیت کرگیندبازی کا فیصلہ کیا اور اسپنر شروع سے ہی جنوبی افریقہ پر حاوی رہے ۔ سندر نے اننگز کے تیسرے اوور میں اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کو چھ رن پر آوٹ کردیا۔
محمد سراج نے ینیمان ملان (15) اور ریزا ہینڈرکس (03) کی وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے بعد کی اننگز مکمل طور پر اسپنروں کے نام رہی۔ شہباز نے ایڈن مارکرم کو نو رن پر آؤٹ کیا جبکہ سندر نے کپتان ڈیوڈ ملر کو سات رن پر بولڈ کیا۔ ہینرک کلاسن نے جنوبی افریقہ کو باعزت اسکور تک لے جانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 42 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 رن بنانے کے بعد شہباز کا شکار ہو گئے ۔
کلدیپ (18/4) نے 26 ویں اوور میں بغیر کوئی رن دیئے بیون فورٹن اور آنرک نارکھیا کی وکٹیں لیں۔ جنوبی افریقہ کے آٹھ بلے باز دوہرے ہندسے کو نہ چھو سکے اور مارکو جانسن (14) کی وکٹ گرنے کے ساتھ ہی پروٹیاز کی اننگز 27.1 اووروں میں 99 رن پر سمٹ گئی۔ یہ ہندستان کے خلاف جنوبی افریقہ کا سب سے کم اور ون ڈے کرکٹ میں ان کا چوتھا کم ترین اسکور ہے ۔
ہندوستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تیز شروعات کی اور گل نے شیکھر دھون کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے چھ اووروں میں 42 رن جوڑے ۔ دھون تاہم بدقسمتی سے آٹھ رن کے ذاتی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ دھون تین میچوں کی سیریز میں چار، 13 اور آٹھ کے ذاتی اسکور کے ساتھ صرف 25 رن ہی جوڑ سکے ۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آئے کشن (10) نے دو چوکے لگائے لیکن فورٹین نے انہیں وکٹ کیپر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔
اس کے بعد وکٹ پر آنے والے ائیر نے گل کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 39 رن کی شراکت داری کی۔ جب ہندوستان کو تین رن درکار تھے ، گل 49 کے اسکور پر لنگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد ائیر نے چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی۔ ائیر نے 23 گیندوں میں 28 رن کی ناٹ آوٹ اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ سنجو سیمسن دو رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی۔
ہندوستانی گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کو99پر ڈھیر کرکے 19اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS