شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں جمعرات کی شب ایک فوجی اہلکار نے اپنی ہی بندوق سے اپنا کام تمام کر دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اوڑی کے گوہلان سب سیکٹر میں تعینات جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری سے وابستہ ایک فوجی اہلکار نے جمعرات کی شب اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ مہلوک کی شناخت رکشت کمار ساکن سانبہ جموں کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہیں۔
قبل ازیں جموں کے مضافاتی علاقہ گجن سو میں گذشتہ روز ہی چکر پانی پرساد تیواری نامی ایک فوجی افسر نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آ رہی ہے۔
سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے ماہ فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔
جموں و کشمیر میں تعینات فوجیوں میں خود کشی کا بڑھتا رجحان، ایک اور جوان نے اپنے ہاتھوں سے اپنی جان لی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS