مختصر افسانہ: پاگل

0

ممتاز معیز

دروازے پر دستک کی آواز پر عورت نے کواڑکھولا۔ سامنے پولیس کھڑی تھی۔ عورت حیرت زدہ ہوکر بولی ’پولیس!‘
’ہاں، پولیس۔ ادھر آئیے۔‘
’میں؟‘
’جی ہاں،آپ۔ بڑی مشکل سے ہاتھ لگی ہیں آپ۔‘ پولیس والا بولا۔
’مگر بات کیا ہے پولیس صاحب؟‘
کچھ پڑوسی بھی باہر آگئے۔ سب متعجب تھے۔ عورت نے موقع ملتے ہی ہونٹوں پرانگلی رکھ کر پڑوسیوں کو چپ رہنے کا اشارہ کیا۔ پھر پولیس والوں سے بولی، ’میں نے کیا کیا ہے، پولیس صاحب؟‘
’آپ نے ایک منتری کا مذاق اڑایاہے۔‘
’کیسے؟‘
’ہاہاہا کرکے۔‘
’کہاں دیکھا آپ نے مجھ ہنستے ہوئے؟‘
’آپ نے ٹوئٹ کیا ہے، اس میں ایک منتری پر آپ ہنس رہی ہیں۔‘
’تواس نے کوئی ہنسی کی بات کی ہوگی۔‘
’نہیں، کسی نے منتری کا کارٹون بنا کر ڈالا ہے، تو اس پر آپ ہاہاہا کر رہی ہیں۔‘
’ہو سکتا ہے میں رو رہی ہوؤں۔۔۔۔ دیکھو، میں نے یوں کیا ہوگا۔ ہا۔۔۔ہا۔۔۔ہا۔۔۔‘ وہ تیز آواز میں رونے کی ایکٹنگ کرکے بولی۔ پھر وہ پڑوسیوں کی طرف اشارہ کرکے بولی، ’اجی پولیس بھائی، دیکھو نا، یہ سب مجھے پاگل سمجھتے ہیں، تم تونہیں سمجھتے نامجھے پاگل؟‘
’اے عورت، سیدھی طرح چلو ہمارے ساتھ۔‘
’ہاں، توچلو۔ مگر میں آپ کو یقین دلاتی ہوں، میں پاگل نہیں ہوں۔
’ارے عورت، کیا تو پاگل ہے جو کہے جا رہی ہے، میں پاگل نہیں ہوں؟ ۔۔۔ چل سیدھی۔‘
’ اگر آپ کو میرے ہنسنے پر اعتراض ہے تو میں رو لیتی ہوں۔۔۔۔اوں اوں اوں۔۔۔‘
اتنے میں شوہر بھی باہر آگیا۔ وہ بیوی کو ڈانٹ کر بولا،’کیا پاگل پن ہے؟۔۔۔چلواندر۔‘
عورت بولی، ’دیکھونا، یہ پولیس والے مجھے گالی دے رہے ہیں۔‘
پولیس والا حیرت سے بولا، ’گالی کب دی تجھے؟ جھوٹ بول رہی ہے۔‘
تمام محلے والے حیرت سے منہ کھولے کھڑے تھے۔
’محلے والے تو کہتے ہی تھے مجھے پاگل، آج پولیس والے بھی کہنے لگے۔۔۔۔چلو، میں کہتی ہوں، ہاں! میں پاگل ہوں مگر میں نے پولیس والوں کو تو کچھ بھی نہیں کہا۔ پھریہ مجھے گالی کیوں بک رہے ہیں؟ میں نے تو بس یہ کہا تھا، سارے جھوٹے، بے ایمان اور مکار اس دنیا سے اٹھ جائیں۔ پتہ نہیں کیوں یہ اپنے اوپر لے گئے۔‘
’ارے، ارے عورت، کیا بالکل ہی پاگل ہوگئی؟‘پولیس والا ہڑبڑا گیا۔
شوہر کچھ کہنے والاتھا کہ عورت نے اس کی چٹکی لی۔ پھر بولی، ’دیکھوجی، میں پولیس بھائی کے ساتھ جارہی ہوں، تم اپنا خیال رکھنا۔ وہیں پر میں ان سے پوچھ لوں گی۔۔۔ مجھے گالی کیوں دی؟‘
پولیس والا شوہر سے بولا، ’معافی چاہتے ہیں۔ آپ اپنی پاگل بیوی کو سنبھالیے۔۔۔۔بلاوجہ ہم نے اس بے چاری کو پریشان کیا۔‘
پولیس والے ندامت سے گردن جھکاکر یہ سوچتے ہوئے چلے گئے کہ ’ہم بھی کتنے پاگل ہیں، بے وجہ ایک پاگل عورت کو گرفتار کرنے پہنچ گئے۔‘
عورت کے نارمل انداز سے ایسا لگ رہاتھا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو! وہ خود ہی خودبڑبڑارہی تھی، ’آگئے مجھ سے پوچھ تاچھ کرنے۔ ارے، اس سے جا کے پوچھونا۔۔۔ جس نے کارٹون بنا کر ڈالا!۔۔۔ہنہ!۔۔۔‘
محلے والے اس کی حاضردماغی پرواہ واہ کرتے ہوئے اس سے آکر لپٹ گئے۔ دونوں میاں بیوی قہقہہ لگاتے ہوئے گھر کے اندر چلے گئے۔n
C/85,Gali Number 16,
North Ghonda, Delhi-110053

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS